داعش اسلام کو نقصان پہنچانے کا نیا حربہ ہے
اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش اسلام کو نقصان پہنچانے کا دشمنوں کا نیا حربہ ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ رحمانی فضلی نے ایران کے شمال مغربی صوبے مشرقی آذربائيجان کی صوبائي کونسل کے اجلاس میں جمعرات کے روز کہا کہ اسلامی ممالک کے دشمن داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کو تشکیل دے کر اسلام کو نقصان پہنچانے اور اسلامو فوبیا کے درپے ہیں لیکن اب یہی گروہ خود ان کے لئے مشکلات کا سبب بن گئے ہیں۔ رحمانی فضلی نے کہا کہ گزشتہ 36 سال کے دوران ایران کے دشمنوں نے ایران پر مختلف الزامات لگائے لیکن اس کے باوجود علاقے میں ایران کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے نیز ٹیکنالوجی کے میدان میں ایرانی ترقی و پیش رفت اور عالمی امن اور بہت سے ديگر معاملات میں ایران کے اثر انداز ہونے کی وجہ سے دشمن خوف زدہ ہیں۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف عائد مغرب کی پابندیاں اور دباؤ کے باوجود ایران نے بہت سے میدانوں میں اچھی پیش رفت کی ہے۔