اسلام آباد: عاشورہ محرم کے جلوسوں کی سیکورٹی کے لئے پلان تیار
شیعت نیوز: ایس پی راول کرامت اللہ ملک نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ساتویں اور عاشورہ کے بڑے جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں مرکزی جلوس کے راستے میں آنے والی مساجد بند نہیں کی جائیں گی نماز کے دوران جلوس مساجد کے سامنے نہیں ہو نگے ، مدارس کے طلبا ء کو مشاورت سے تعطیل دیدی گئی ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے دنیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے راول آفس فوارہ چوک میں کنٹروم روم ہو گا اور ریزروفورس بھی موجود ہو گی جلوس میں داخلہ کے لئے ایک ہی راستہ ہو گا ۔ انہوں نے بتا یاکہ پولیس حکام اور علماء کی مشاور ت سے مدارس کے طلبا کو چھٹی دید ی گئی ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹ میں آنے والی مساجد کو بند نہیں کیا جائے گا بلکہ معمول کے مطابق کھلی رہیں گی ، انہوں نے کہا کہ تاجروں ، سماجی افراد اور تمام مسالک کے علماء کے تعاون سے امن وامان کے قیام کو یقینی بنائیں گے ۔ ادھر ٹریفک پولیس نے شہر کے سب سے لمبے روٹ کے جلوس 7محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے پیش نظر اور شہریوں کی سہولت کے لئے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ماتمی جلوسوں کے راستوں پر کسی بھی قسم کی گاڑی ،موٹر سائیکل یا ریڑھی کی پارکنگ پرسختی سے پابندی عائد کر دی گئی جلوس کے راستوں کو مکمل کلیئر رکھنے کے لئے مختلف مقامات پر ڈائیورشن لگا کر ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھا جائے گا اس موقع پر وارڑنز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی عوام کی مدد، رہنمائی اور کسی بھی صورت ِ حال کے پیش نظر ریس کورس ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں ہیلپ لائنز کے ساتھ ساتھ خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ۔چیف ٹریفک آفیسر نے وارڈنز ،سیکٹر اور سرکل انچارجز کو ہدایات جاری کرتے ہو ئے کہا کہ تمام ڈائیورشن پوائنٹ پر بیرئیر اور دیگر ذرائع سے ٹریفک کو مکمل طور پر بند کیا جائے دوران ڈائیورشن ٹریفک کیلئے مناسب متبادل راستوں کا بندوبست کر تے ہوئے کسی بھی جگہ پر ٹریفک کو ہر گز بلاک نہ ہونے دیا جائے ۔
دوسری طرف راول ڈویژن پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ‘‘کیمرہ مانیٹرنگ وین ’’ تیار کر لی جس سے جلوسوں اور مجالس کی براہ راست نگرانی ہو گی ۔انٹرنیٹ کے ذریعے کو ئی بھی آ فیسر اپنے دفتر میں بیٹھ کر سکیورٹی کی صورتحال مانیٹر کر سکے گا ۔ ایس پی راول ڈویثرن پولیس کرامت اللہ ملک نے دنیا کو بتایاکہ یہ گاڑی خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے اس میں کل پانچ کیمرے ہیں جن میں چار کیمرے چاروں سمتوں کو کور کر رہے ہیں جبکہ پانچویں کیمرے سے آفس میں بیٹھ کر تمام پوزیشنز کو تبدیل کر کے کسی بھی جگہ کو انتہائی قریب سے بھی دیکھا سکتا ہے ۔ یہ وین آپریشنل کر کے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ وین کے ذریعے ملنے والا ڈیٹا دس دن تک محفوظ رہے گا اور اگر کسی ناخوشگوار واقعہ میں اس وین کو نقصان بھی پہنچ جائے تو بھی تمام ڈیٹا محفوظ رہے گا ۔ اس کے ذریعے پولیس اہلکاروں کی پوزیشن کو بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔