ایران

عید ولایت و امامت تمام مسلمانوں کو مبارک ہو

آج اسلامی جمہوریہ ایران سمیت مختلف ملکوں میں عید اللہ الاکبر عید ولایت و امامت عید غدیر منائي جارہی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں تمام گھروں، مساجد، امام بارگاہوں اور مقدس مقامات کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گيا ہے اور چراغان کیا گيا ہے۔ مشہد مقدس اور قم نیز شیراز کے روضوں میں نہایت ہی دیدہ زیب سجاوٹ کی گئي ہے۔ مشہد اور قم کی گلیوں میں بھی چراغان کیا گیا ہے۔ عید غدیر کی مناسبت سے ایرانیوں کی دیرینہ رسم کے مطابق ہر گلی کوچہ میں لوگ ایک دوسرے کو مٹھائياں کھلارہے ہیں اور عید ولایت و امامت کی مبارک باد دے رہے ہیں۔ اس وقت مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بیٹے حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس پر لاکھوں افراد کی بھیڑہے جو زیارت کا فیض اٹھانے کےساتھ ساتھ محافل منقبت خوانی میں بھی شریک ہورہی ہے۔ قم اور دیگر مقدس مقامات پر بھی یہی صورتحال ہے۔ ادھر عراق سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقدس شہر نجف اشرف میں آج تقریبا بیس لاکھ زائر موجود ہیں جو دنیا کے مختلف علاقوں سے آئے ہیں۔ نجف کی پولیس نے زائرین کے تحفظ کے لئے خاص حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ نجف اشرف کے علاوہ کربلائے معلی، کاظمین اور سامرا میں بھی لاکھوں زائرین موجود ہیں جو عید ولایت و امامت کی خوشی میں ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کررہے ہیں۔ ادھر سعودی عرب اور بحرین میں اھل بیت عصمت و طہارت کے عقیدت مندوں نے پولیس کی پابندیوں میں اپنے اپنے گھروں میں عید غدیر منائي۔

متعلقہ مضامین

Back to top button