مقدس ہستیوں کے مزارات کی بے حرمتی ہرگز برداشت نہیں کرینگے،علامہ عباس کمیلی
جعفریہ الائنس کے تحت سولجر بازار میں منعقدہ تحفظ مزارات کانفرنس سے خطاب کے دوران علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ بزرگان دین کے مقبروں کی بے حرمتی کو ہر گز برداشت نہیں کرینگے۔مقدس ہستیوں کے مزارات کو مسمار کرنے والوں کا دین سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ اسلام امن کا مذہب ہے اور سول اکرمﷺ نے ترویج دین کے فرائض اپنے اخلاق و کردار سے انجام دیئے ،نہ کہ اپنا عقیدوں دوسروں پر مسلط کیا ۔سینیٹر تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ جو لوگ قبروں کی بے حرمتی کررہے ہیں وہ تعلیمات اسلام سے نا واقف ہیں۔قاضی احمد نورانی نے کہا کہ مساجد و مزارات و امام بارگاہوں کے تحفظ کیلئے ہم پوری طرح تیار ہیں۔مولانا فیصل عزیزی نے کہا کہ دین کا نام استعمال کرکے اسلام دشمن ٹولہ مذہب کو بدنام کررہا ہے ۔علامہ فرقان حیدر عابدی، ایڈمنسٹریٹر اوقاف صابر داؤد ،عیسائی مبلغ ایلوس اسٹیفن ،پروفیسر ساجد زیدی، علامہ جعفر رضا،شبر رضا ،ڈاکٹر عین الرضا ،ظفر عباس ظفر اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مزارات کے تحفظ کیلئے ملت مسلمہ متحد ہے۔ تقریب میں مولانا اکرام حسین ترمذی ،مولانا اصغر شہیدی ،علامہ نثار احمد قلندری ،علامہ علی کرار نقوی، علامہ باقر زیدی ،مولانا بلال شاہ قادری ،مولانا رجب علی بنگش اور صادق عابدی ،مرزا طاہر حبیب،علامہ سعید ،علامہ آغا سبط حیدر موسوی کے علاوہ سنی اتحاد کونسل ،جمعیت علمائے پاکستان اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنان کثیر تعداد میں شریک تھے