پاکستان

ایم ڈبلیو ایم کی طاہرالقادری کیساتھ اتحاد کیلئے 4 شرائط تیار

AMEEN TAHIRمجلس وحدت مسلمین نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب اور حکومت مخالف تحریک کی باقاعدہ حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے علامہ طاہرالقادری کے انقلاب کی مشروط حمایت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کی سپریم کونسل میں متفقہ طور 4 شرائط تیار کی گئی ہیں جو ڈاکٹر طاہرالقادری کو پیش کی جائیں گی اور ان شرائط کے تسلیم کئے جانے پر ایم ڈبلیو ایم علامہ طاہرالقادری کی تحریک کی حمایت کا باقاعدہ اعلان کر دے گی۔ اس حوالے سے مجوزہ 4 شرائط میں پہلی شرط یہ رکھی گئی ہے کہ انقلاب آنے کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبے کا درجہ دیں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو تمام حقوق دیئے جائیں گے۔ دوسری شرط یہ رکھی گئی ہے کہ ملک بھر کی اوقاف پراپرٹیز تمام مکاتب فکر کی تحویل میں دی جائے۔ تیسری شرط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انقلاب کے بعد پاکستان میں تکفیریت کو حرام قرار دے کر دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا اور چوتھی اور آخری شرط یہ رکھی گئی ہے کہ ملک بھر میں تمام مسالک کا متناسب نمائندگی کے تحت الیکشن کرایا جائے گا اور تمام مسالک کو ان کی تعداد کے مطابق اسمبلی میں نمائندگی دی جائے گی۔

مجلس وحدت مسلمین نے علامہ امین شہیدی کی قیادت میں وفد تیار کیا ہے، جو آئندہ چند روز میں علامہ طاہرالقادری سے ملاقات کرے گا اور اس ملاقات میں ان شرائط کو پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملنے والے وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سربراہ علامہ عبدالخالق اسدی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی شامل ہیں۔ وفد ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کرے گا، جس میں یہ چاروں شرائط پیش کی جائیں گی۔ دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے شرائط پر پاکستان عوامی تحریک کی سپریم کونسل میں غور کیا جائے گا اور قابل عمل ہونے کی صورت میں انہیں قبول کر لیا جائے گا۔ عوامی تحریک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انقلاب لانے کا 100 فیصد فیصلہ ہوچکا ہے اور اس کے لئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کی تین شرائط تو تسلیم کر لی جائیں گی، تاہم ایک شرط پر کچھ ترمیم کا امکان ہوسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button