پاکستان

عمران خان، طاہرالقادری اور طالبان کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے: پرویز رشید

parwez rasheedوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان، طاہر القادری اور طالبان سٹرٹیجک پارٹنر ہیں، ایک ملک کے جمہوری اداروں کو ، دوسرا ملک کے دفاعی اداروں کو اور تیسرا ملک کے آئین پر حملہ کرتا ہے،تینوں کا مقابلہ کریں گے ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ملک کے آئین نے حکومت کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ عوام اور اس کے اداروں کا تحفظ کرے۔ ملک میں دہشت گردی کی ذمہ داریاں قبول کرنے والے اپنی ذمہ داریاں قبول کریں ، حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اس سلسلے میں جہاں سے بھی خطرہ ہوگا ہم اسے ختم کرنے کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پہلے طالبان کے نظریاتی حامی تھے لیکن اب وہ طالبان کے سٹریٹیجک پارٹنر بن گئے ہیں، عمران خان ملک کے جمہوری اداروں پر حملہ کرتے ہیں اور طالبان ملک کے دفاعی اداروں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بناتے ہیں، گزشتہ ہفتے عمران خان نے ملک کے اداروں پر حملہ کیا اور اگلے ہی روز طالبان نے ملک کے دفاعی اداروں پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری بھی طالبان اور عمران خان کے پارٹنر ہیں۔ تینوں میں یہ بات طے ہے کہ ایک ملک کے جمہوری اداروں کو اور دوسرا ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنائے گا اس کے بعد کینیڈا سے طاہر القادری آئیں گے جو ملک کے آئین پر حملہ کریں گے لیکن قومی سلامتی کے ادارے، ملک کے عوام اور جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے والے لوگ مل کر انھیں ناکام بنادیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button