پاکستان

ہمارا دل الطاف حسین کے دل کے ساتھ دھڑکتا ہے اپنے دل کی دھڑکنیں ملانے آئے ہیں، مولانا عون نقوی

aun naqviمتحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام نمائش چورنگی پر دیئے گئے دھرنے کے تیسرے روز معروف اور ممتاز علمائے کرام کے ایک وفد نے شرکت کی اور انہوں نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرکے الطاف حسین سے دلی یکجہتی کا اظہار کیا۔ علمائے کرام کے وفد میں علامہ محمد عون نقوی، علامہ اکرام حسین ترمذی، علامہ خلیل احمد کمیلی اور حکیم محمد احمد زیدی شامل تھے۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عون محمد نقوی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ اور شیخ المشائخ حضرت الطاف حسین پر بعض دشمنان اسلام اور پاکستان کی طرف سے الزامات مختلف نوعیت کے لگائے جارہے ہیں، انہیں ہراساں کیاجارہا ہے اور حراست میں لیا گیا، آج ہم یہاں دھرنے میں ملت جعفریہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ ہر اس شخص سے جس کا دل الطاف حسین کے دل کے ساتھ دھڑکتا ہے اپنے دل کی دھڑکنیں ملانے کیلئے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پر اگر کوئی ظاہری طور پر مشکل وقت ہے تو باطل پرست قوتیں جان لیں کہ الطاف حسین کے ساتھ لاکھوں عوام کی دعائیں شامل ہیں، ہمارا پیغام برطانیہ کی پولیس کو پہنچا دیا جائے کہ الطاف حسین پر جو بھونڈے الزامات لگائے گئے ہیں وہ اس میں ملوث نہیں ہوسکتے، میں سیاسی آدمی نہیں لیکن سیاست سے جدا نہیں ہوں وہ سیاست جو دین سے تعلق نہیں رکھتی سیاست نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ پیغام آیا کہ الطاف حسین کو گرفتار کرلیا گیا تو ذہنوں میں یہ خیال آیا کہ یہ شہر ایسے ہی جلے گا جیسے بینظیر بھٹو کی شہادت پر جلا تھا لیکن ایم کیو ایم کے رہنماﺅں نے اسے روکا جو الطاف حسین کی پرامن پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ الطاف حسین کو اس مشکل وقت سے نکلنے میں مدد فرمائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button