پاکستان

آئی ایس آئی کی حمایت اور جیو ٹی وی کیخلاف 10 مئی کو احتجاجی دھرنے دیں گے، سُنی اتحاد کونسل

karachipressسنی اتحاد کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل طارق محبوب نے پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کے لیے 3 روزہ تحفظ پاکستان مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں 9 مئی کو پاک فوج کی حمایت اور جنگ گروپ اور جیو ٹی وی کے خلاف نماز جمعہ کے بعد مرکزی مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیر مختار صدیقی، علامہ فیصل عزیزی، علامہ اشرف گورمانی، مفتی غلام محمد چشتی، مولانا بلال شاہ، مفتی اقبال نقشبندی، مولانا شہزاد قادری، مولانا امان قادری، مولانا صادق نقشبندی، مولانا لطف علی شاہ، مبشر علی قادری، مسعود عالم، کامران شاہ، صمید عالم، ثاقب الرحمن، شاہ عالم اور دیگر موجود تھے۔ طارق محبوب نے کہا کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے 9 مئی سے 3 روزہ تحفظ پاکستان مہم کا آغاز کررہے ہیں، 9 مئی کو مساجد کے باہر احتجاج اور دوسرے مرحلے میں 10 مئی (ہفتہ) کو شہر کی مرکزی شاہراہوں پر شام 4 بجے سے مغرب تک دھرنے دیں گے جس میں علماء و مشائخ شرکت کریں گے اور تحفظ پاکستان مہم کے آخری مرحلے میں نماز ظہر کے بعد مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔

قبل ازایں پریس کانفرنس سے خطاب میں طارق محبوب نے کہا کہ جیو ٹی وی اور جنگ گروپ کے مالکان اپنی ملک دشمنی اور حساس ادارے کو بدنام کرنے کی پاداش میں وہ فی الفور قوم اور فوج سے معافی مانگیں، ہم نے جیو اور جنگ کے مالکان کو 48 گھنٹے دیئے تھے اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ غیر مشروط طور پر عوام پاکستان اور افواج پاکستان سے معافی مانگنے کا اعلان کریں لیکن جیو اور جنگ کی انتظامیہ اپنی ہٹ دھرمی اور ملک دشمنی پر قائم ہے اور فوج اور سلامتی کے اداروں کے خلاف بلواسطہ اور بلا واسطہ مسلسل اشتعال انگیزی اور شر انگیزی پھیلائی جا رہی ہے، جسے قوم کسی صورت میں برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الحمد اللہ آج سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی، وکلاء تنظیمیں، علماء و مشائخ، فوج کی حمایت میں جیو اور جنگ کے خلاف ملک بھر میں بھرپور جلسہ جلوس ریلیاں کر رہے ہیں، ہم پاکستان کے ایجنٹ ہیں مدینے والے کے غلام ہیں اور پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظوں کے شانہ بشانہ ہیں، انشاء اللہ ہماری سہہ روزہ تحفظ پاکستان مہم انتہائی پر امن ہوگی

متعلقہ مضامین

Back to top button