فوج، رینجرز اورانٹیلی جنس ادارے طالبان دہشت گردوں سے مقابلہ کر رہے ہیں، شرجیل میمن

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے تاہم میڈیا کو بھی خود اپنی اصلاح کرنی چاہیے ہماری فوج، انٹیلی جنس ادارے، رینجرز اور پولیس طالبان اور دہشتگردوں سے مقابلہ کررہے ہیں، پاک فوج، رینجرز اور پولیس سمیت تمام اداروں کا احترام کرنا تمام پاکستانیوں کا فرض ہے،اداروں کے مابین ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے کسی بھی ادارے کے خلاف غیر ضروری پروپیگنڈا ٹھیک نہیں،افواج پاکستان اور فوجی جوانوں کی قربانیوں کا سب پر احترام فرض ہے، اداروں کے مابین ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے۔وہ اتوار کو ٹنڈو جام کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج، رینجرز اور پولیس سمیت تمام اداروں کا احترام کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے، کسی بھی ادارے کے خلاف بات کرنا درست نہیں۔ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہماری حکومت اور ہم میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں تاہم میڈیا کو بھی خود اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔انہوںنے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے، رینجرز اور پولیس طالبان اور دہشتگر د و ں سے مقابلہ کررہے ہیں، طالبان، کالعدم اور دہشتگرد تنظیمیں اس ملک کے لئے ناسور بن چکی ہیں اور اس حوالے سے وفاقی حکومت بری طرح کنفیوژن کا شکار ہے، وفاقی وزراء بھی دہشتگرد کو دہشتگرد کہنے سے ڈر رہے ہیں ،عمران خان ایک غیر سنجیدہ انسان ہیں ان میں مستقل مزاجی نہیں ہے۔ مجھے تعجب ہے کہ آج ایک سال کے بعد ان کو انتخابات میں دھاندلی پر تحریک کی کیوں یاد آئی ہے۔ کراچی آپریشن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ ہماری پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس ادارے اور دیگر امن و امان کی بحالی کے ادارے بہترین طریقے سے کام کررہے ہیں۔ کراچی میں ٹارگٹڈ ایکشن کے ذریعے کئی دہشتگردوں، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ہے اور کئی مقابلوں میں مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں جلد جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کا خاتمہ کردیا جائے گا۔








