ہزاروں پاکستانیوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا: محمد ثروت اعجاز قادری
سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی خصوصی ہدایات پرسنی تحریک کے زیراہتمام پاک افواج کی حمایت میںیوم محبت پاکستان منایا گیا۔ ملک بھر میں ریلیاں، جلسے، سیمینارز منعقد کئے گئے۔ اس موقع پر سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے حکمرانوں کو مصلحت سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنے ہوں گے، سات ہزار سے زائد سیکورٹی فورسز سمیت60 ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا، حکومت کو شرعی طور پر کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ قومی اداروں، اسکولوں، مذہبی عبادت گاہوں پر حملے کرنے والوں سے مذاکرات کی سیج سجائے، دہشت گردوں کو معاف کرنے کا حق صرف شہیدوں کے ورثاء کا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں سے60 ہزار سے زائد شہیدوں کا قصاص لیا جائے، پاک فوج کی ملکی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں قابل تحسین ہیں، پوری قوم فوج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، بھارت کے جنگی جنون کا بخار اتارنے کیلئے پا کستان کے غیور عوام ہر لمحہ تیار ہیں، پاکستان کے دوست نما دشمنوں سے نجات اور دہشت گردوں کے خلاف حتمی آپریشن کا وقت آچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ، حافظ آباد، ملتان، گجرات، ہزارہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، مری، سکھر، حیدرآباد، اسلام آباد، منڈی بہائوالدین، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ریلیوں، جلسے جلوسوں کی تقاریب سے بذریعہ مواصلات خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مساجد میں کراچی سمیت ملک بھر میں سنی تحریک کی اپیل پر جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ثروت اعجاز قادری نے پاک افواج کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین پاکستان کی ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے والے دفاعی اداروں، پاک افواج، پولیس اور خفیہ اداروں کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔