پاکستان

ایس یو سی کے وفد کی اسلام آباد میں مہدی شاہ سے ملاقات، مطالبات کی منظوری پر شکریہ ادا کیا

suc flaqاسلامی تحریک و شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان کے صوبائی صدر علامہ آغا سید محمد عباس رضوی کی قیادت میں ایس یو سی جی بی کے ایک اعلٰی سطحی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے خصوصی ملاقات کی۔ وفد میں علامہ شیخ مرزا علی، علامہ شیخ فدا حسن عبادی، آغا باقر رضوی اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ایس یو سی کے وفد نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو گندم سبسڈی کی بحالی کیلئے خصوصی طور پر کوششیں کرنے اور مظاہرین کے مطالبات پر عمل درآمد کرتے ہوئے گندم کی سبسڈی بحال کرانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر وزیراعلٰی مہدی شاہ نے شیعہ علماء کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مثبت کردار ادا کرنے والے علماء کرام ہمارے سر کا تاج ہیں، مگر حالیہ دھرنوں میں ہمارے خلاف بعض راہنماوں کی جانب سے جو نازیبا تقاریر کی گئیں وہ قابل افسوس ہیں، تاہم میں انہیں معاف کرتا ہوں۔ اختلاف نظر رکھنا ہر فرد کا جمہوری حق ہے اور ہم نے اسے تسلیم کیا اور کسی کو دھرنوں سے نہیں روکا، مگر اختلاف کو بھی اخلاقی حدود میں رکھا جائے تو بہتر رہیگا۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے مدبرانہ کردار کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button