پاکستان

کراچی میں نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتیں دہشتگردی میں ملوث ہیں، ثروت اعجاز قادری

sarwetسربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہر سازش کو محب وطن قوتیں ناکام بنادیں گی، پوری قوم ملکی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کےلئے فوج کے ساتھ ہے، حکومت طالبان سے مذاکرات کے بجائے ملک کے لئے قربانیاں دینے والے شہیدوں سے وفا کرے، تحفظ دہشتگردی بل کے ذریعے دہشتگردوں کو شیلٹر دینے کے ساتھ رہا کیا جارہا ہے جو شریعت اور آئین سے متصادم اقدام ہے، پوری دنیا میں پاکستان کی فوج کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے آج فوج سمیت ملکی سلامتی کے اداروں کا مورال ڈاﺅن کرنے کی ناپاک جسات کی جارہی ہے، عوام ان سازشوں کو ناکام اور قومی سلامتی کے مورال کو خراب ہونے نہیں دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبہار میں شہدائے اہلسنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علامہ سید نثار علی اجاگر، شبیر ابوطالب، سلیم خان ترابی، ناصر خان، مرزا مبین بیگ، صادق قریشی، طیب حسین قادری و دیگر بھی موجود تھے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اہلسنت کی پہچان لبیک یارسول اللہ ﷺکا نعرہ ہے، کراچی میں نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتیں دہشتگردی میں ملوث ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت عوام کی منشاء کے مطابق دہشتگردی کے خلاف پالیسی بنائے، صدیق اکبر کے دور میں فتنوں نے جنم لیا تو آپ نے بردباری اور عشق رسول میں سرشار ہوکر اسلام کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کیا اور شریعت کے باغیوں کو شریعت کے عین مطابق ختم کردیا، موجودہ حکمرانوں کا شریعت اور آئین کے باغیوں، مساجد و مزارات، اسکولوں اور بازاروں پر بم دھماکے کرنے والوں سے مذاکرات شریعت کے خلاف اور آئین کے منافی ہے، طالبان سے مذاکرات سے پوری قوم میں مایوسی پائی جارہی ہے، حکمران ملک و قوم کی حقیقی ترجمانی کریں تو اس کے بہتر نتائج نکلیں گے، محب وطن قوتوں کو آگے بڑھ کر ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور ملک کے استحکام کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button