باقر الصدر کی اسلام کی دیگر خدمات کیساتھ ‘‘اقتصادُنا’’ صدی کا عظیم کارنامہ ہے،اطہر عمران
امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے مرکزی سیکریٹریٹ میں شہید باقر الصدر کی ۴۴ویں برسی کے موقعہ پر ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید باقرالصدر حقیقی معنوں میں اسلام شناس، دشمن شناس، عظیم فیلسوف تھے اور بلا تفریق مسلک اسلام کی خدمت کی۔ اسلامی نظام حکومت کا قیام شہید کا خواب تھا جس کی تعبیر کے لئے تا روز شہادت جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران سے پہلے فکر امام خمینی کو سمجھا اور امام کی فکر کو پروان چڑھایا۔ شہید ہمیشہ طاغوت کے خلاف برسرپیکار رہے اور سنی اور شیعہ کو بھی طاغوت کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونے کا حوصلہ دیا۔ یہ ہی وہ فکر و عمل تھا جس جرم کی پاداش میں انہیں شہید کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا بھر میں سوشلزم، کمیونزم اور کیپیٹلزم کے چرچے ہو رہے تھے اس وقت شہید باقر الصدر نے اسلامی اقتصادیات پر "اقتصادنا” کتاب لکھ کر باطل نظریات کو خاک میں ملا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید کا دل مظلومین اور مستضعفین کے لئے دھڑکتا تھا۔ اسلامی حکومت کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جماعت علماء کا وجود ڈالا۔ شہید باقر الصدر کی اسلام کی دیگر خدمات کے علاوہ اقتصادُنا کی تصنیف صدی کا عظیم کارنامہ ہے۔