پاکستان

حکمران چند ڈالروں کے عوض ملکی سلامتی کے سودے کر رہے ہیں، علامہ ناصر جعفری

raja nisarمجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو دورِ حاضر میں جن مشکلات کا سامنا ہے۔ اُس میں اس غیور قوم کو پھر سے وہی تاریخ دہرانے کی ضرورت ہے۔ جو قیام پاکستان کے وقت برصغیر کے مسلمانوں نے بے سروسامانی کے عالم میں حب الوطنی اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہو کر حصول پاکستان کیلئے پختہ عزم کیساتھ باطل قوتوں کے مدمقابل سینہ سپر ہو کر مادرِوطن کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔ آج پاکستان کو پھر سے انہی جذبوں اور قربانیوں کی ضرورت ہے۔ آج ملک دشمن گروہ پاکستانیت کا روپ دھار کر قومی وحدت اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان میں مسلمانوں کے گلے نعرہ تکبیر لگا کر کاٹ رہے ہیں۔ حکمران چند ڈالروں کے عوض ملکی سلامتی کے سودے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوا کی بیٹیاں آج بھی چیخ چیخ کر حکمرانوں اور عدل کے رکھوالوں کو آواز دے رہی ہیں کہ کیا انصاف پر صرف مقتدر قوتوں کا ہی کا حق ہے؟ پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی سے نااہل حکمران اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں، اس وقت نہ عوام کی جان محفوظ ہے نہ مال۔ تھر اور چولستان میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے ہاتھوں پورا ملک یرغمال ہے۔ پاکستانی عوام اور پاکستان کے محافظوں کے قاتلوں کو عام معافی اور محب وطن عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں پاکستانی باہمت اور شجاع قوم کو یوم پاکستان پر عہد کرنا ہو گا کہ جس طرح ہمارے آباو اجداد نے پاکستان کو حاصل کرنے کیلئے قربانیاں دی تھیں۔ آج پاکستان کو بچانے کیلئے ہم میدان عمل میں نکلیں اور وطن عزیز کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے آزاد کروا کر حقیقی پاکستان کے وارثوں کو اس ملک کا حاکم بنائیں تاکہ خودمختار، پرامن اور خوشحال پاکستان کا خواب پورا ہو اور دنیا کیلئے وطن عزیز ایک مثال بن سکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button