پاکستان

وزیر اعظم نے طالبان کیخلاف فضائی حملوں کی منظوری دے دی، برطانوی خبر ایجنسی

nawaz shareefاسلام آباد: برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی منظوری دے دی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی”رائٹرز“ نے وزیر اعظم آفس کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نوا شریف نے 3 دن تک فوج کو روکنے کے بعد گزشتہ رات طالبان کے ٹھکانوں پر حملوں کی منظوری دی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے مسلسل حملوں کے بعد حکومت کی جانب سے طالبان کو سخت پیغام دینے اور انہیں سبق سکھانے کےلئے حملے ہی آخری آپشن تھا۔
گزشتہ رات پاک فضائیہ کی جانب سے شمالی وزیر ستان اور خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ملکی اور غیر ملکیوں سمیت 38 شدت پسند ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں ازبک، ترکمان، تاجک اور کالعدم تحریک طالبان کے شدت پسند شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال عام انتخابات میں بھاری مینڈیٹ سے حکومت بنانے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے خلاف جنگ کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جس کےلئے حکومت کی جانب سے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاہم گزشتہ ہفتے طالبان کی جانب سے مغوی فوجی جوانوں کو قتل کرنے کے بعد مذاکرات کا عمل ڈیڈلاک کا شکار ہوگیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button