پاکستان

نجی ٹی وی کے پروگرام میں مولانا عبدالعزیز کیجانب سے توہین رسالت ؐ، علامہ طاہر اشرفی کا شدید احتجاج

malaon3طالبان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے رکن مولانا عبدالعزیز نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں توہین رسالت (ص) کر دی۔ تفصیلات کے مطابق طالبان سے مذاکرات کے عنوان نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان مہر بخاری سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ قرآن و سنت آسمانی قانون ہے، آسمانی قانون کے ہوتے ہوئے ہمیں انسانوں کے بنائے ہوئے آئین کی ضرورت نہیں ہے، دنیا کا کوئی بھی شخص خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو قانون نہیں بناسکتا، حتیٰ کہ رسول اکرم (ص) کو یہ بھی اختیار حاصل نہیں ہے، آپ بھی دنیا میں کوئی قانون بنانے کا اختیار نہیں رکھتے تھے (نعوذبااللہ)۔ مولانا عبدالعزیز کی جانب سے توہین آمیز گفتگو کا جواب دیتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ جو کچھ رسول اکرم (ص) نے فرما دیا خدا نے اس کو قانون بنا دیا، وہ ہمارے لئے قانون بھی ہے اور حجت بھی ہے، اس کو دنیا کی کوئی طاقت تبدیل نہیں کرسکتی۔

علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالعزیز کو اپنے جملہ پر غور کرنا چاہیئے اور استغفار کرنا چاہیئے، رسول اکرم (ص) نے حدیث کے ذریعے قرآن کریم کی تشریح کی ہے، یہ صاحب آئین کو نہیں مانتے جبکہ خلفائے راشدین نے بھی ضابطہ بنائے، ضابطہ کو ہی تو آئین کہا جاتا ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ یہ لوگ دن بہ دن کس طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مولانا عبدالعزیز رسول اکرم (ص) کے قانون کو نہیں مانتے تو میں مولانا عبدالعزیز کو نہیں مانتا، جو یہ کہے کہ میں نبی (ص) کو نہیں مانتا، میں اس شخص کو نہیں مانتا، مولانا عبدالعزیز ذرا یہ بتا دیں کہ یہ کس کے نمائندے ہیں، مولانا سمیع الحق، مفتی محمود سمیت کسی بھی بڑے عالم دین کو نہیں مانتے، یہ لوگ کس کی نمائندگی کرتے ہیں، آج مولانا عبدالعزیز کہتے ہیں کہ وہ نبی (ص) کو بھی نہیں مانتے، میں زندہ رہوں یا رہوں کسی کو بھی یہ حق نہیں دے سکتا کہ کوئی بھی یہ کہے کہ وہ نبی (ص) کے قانون کو نہیں مانتا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button