پاکستان

طالبان نے حکومت کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

طالبان نے حکومت کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے، صاحبزادہ حامد رضامفتی محمد حسیب قادری کی رہائش گاہ پر علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی راہنما ’’میثاقِ عدم تشدد‘‘ پر دستخط کریں۔ دہشت گردی کی تازہ لہر قوم کیلئے قہر ہے۔ طالبان نے حکومت کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔ طالبان کی دہشت گردی کا فائدہ بھارت اٹھا رہا ہے۔ کراچی، چارسدہ اور مانسہرہ میں پولیو ٹیموں پر حملے قابلے مذمت ہیں، پولیو ورکرز کو نشانہ بنانا انسانیت دشمنی ہے، دہشت گردی کیخلاف راست قدم اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مقابلہ کیلئے پوری قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے۔ دہشت گردی کیخلاف قومی پالیسی کا نہ ہونا ریاست کی ناکامی ہے۔ پاک فوج پر حملہ کرنیوالے بھارت کو خوش کر رہے ہیں، فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تمام مکاتب فکر کالی بھیڑوں کو اپنی صفوں سے نکالیں، فرقوں کو لڑانے والے ہاتھ توڑنے ہوں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل ہر مسجد میں درسِ امن و محبت کا اہتمام کرے گی، حکمرانوں کی کمزوری کی وجہ سے دہشت گردی نقطۂ عروج پر پہنچ گئی ہے، اپنی قوم کا تحفظ نہ کرنے والوں کو حکمرانی کا حق نہیں،امریکہ کی جنوبی ایشیا کے لیے پالیسی بھارت کے گرد گھومتی ہے، ہماری موجودہ بھارت نواز پالیسی امریکی دباؤ کا نتیجہ ہے، سیاستدان دہشت گردی کے مسئلے پر اپنی اپنی سیاسی دکانداری چمکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گومگو کی کیفیت سے نکل کر دوٹوک فیصلے کرے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر غیرمعمولی اقدامات کی ضرورت ہے، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنیوالے کسی بھی گروہ سے رعایت نہیں ہونی چاہیے، دہشت گردی کا مسئلہ ملک کی سلامتی اور بقاء کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کا خون حکمرانوں پر قرض ہے، دہشت گردوں سے ریاستی رٹ تسلیم کرانے کا وقت آ گیا ہے، ملک بچانا ہے تو ہر پاکستانی کو چوہدری اسلم اور اعتزاز حسن بننا ہو گا، ہمیں لڑ کر مرنا چاہیئے ڈر کر نہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button