پاکستان

کراچی میں امن کے متوالوں کا شہید علامہ دیدار جلبانی کی یاد میں عظیم الشان چراغاں

chiragمجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت شہید علامہ دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ سرفراز بنگش کی یاد میں چراغاں کا انعقاد کیا گیا۔ جائے شہادت شہید جلبانی (این ای ڈی یونیورسٹی) اور نمائش چورنگی پر منعقدہ چراغاں کے پروگرام میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی،الفت عالم کربلائی، کراچی ڈویژن کے رہنما علی حسین نقوی، حسن ہاشمی، علامہ علی انور جعفری و دیگر رہنماؤں سمیت خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے چراغ روشن کرتے ہوئے کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا اور یہ اعلان کیا کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے تاکہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مظلومین جہاں میدان میں حاضر رہ سکیں۔ اس موقع پر علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ شہید علامہ دیدار علی جلبانی ایک نڈر اور شجاع عالم دین تھے، استعماری طاقتوں کے ایجنٹوں نے ایک ایسی آواز کو ہم سے چھینا ہے کہ جو امریکہ مخالف اور دنیا بھر کے مظلوموں کی حامی آواز تھی، انشاء اللہ ہم ان کا مشن جاری و ساری رکھیں گے اور ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کیلئے میدان میں حاضر رہیں گے۔حسن ہاشمی، علامہ علی انور جعفری و دیگر کا کہنا تھا کہ شہید علامہ دیدار جلبانی نے اپنی پوری زندگی میں استعماری قوتوں کو انتہائی شجاعت کے ساتھ للکارا اور ان کی سازشوں کو ناکام کرتے ہوئے ہمیشہ اتحاد کا پرچم بلند کیا، ان کے جنازہ میں اہل سنت برادر اور علمائے کرام کی شرکت اس بات کی غماز ہے کہ شہید جلبانی نے اپنے خون کے ذریعے امت مسلمہ کے اتحاد کی ایک ایسی امید روشن کی ہے کہ جو ہمیشہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button