پاکستان

نو محرم الحرام کے حوالے سے مجالس اور جلوس جاری

jalus9muharamکراچی…ملک بھر میں عاشورہ محرم کے حوالے سے مجالس اور جلوس کا سلسلہ جاری ہے، آج نومحرم کی مناسبت سے جلوس نکالے جارہے ہیں ، مجالس کا سلسلہ صبح ہی سے شروع ہوگیا۔ آج کی مجالس میں ذاکرین اور علما میدان کربلا میں پیش آنے والے واقعات بیان کرتے ہیں اور خاص طور پر پیاس کی شدت سے بے چین بچوں کا تذکرہ کیا جاتا ہے۔ مجالس کے بعد علم ،ذوالجناح ،تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے،جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے شام کو اختتام پذیر ہوں گے۔کراچی میں مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوگی ، جس سے مولانا شہنشاہ حسین مجلس سے خطاب کریں گے ، مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہواحسینیہ ایرانیان کھارادر میں اختتام پزیر ہوگا۔ لاہور کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو کرروایتی راستوں سے ہو کر شام کو پانڈو اسٹریٹ پر ہی ختم ہوگا۔ رات میں شب عاشور کی مجالس برپا ہوں گی۔ اسلام آباد کا مرکزی جلوس جی سکس سے برآمد ہوگا۔ہنگو میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس بہادر گڑھی امام بارگاہ سے برآمد ہوکرمرکزی امام بارگاہ پاس کلے پر اختتام پذیر ہوگیا۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈی سی ہنگو سید احمد جان کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کے لیے9محرم سے 11محرم تک کرفیو نافذکردیاگیا ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمدہوگیا ہے جو اپنے مقررہ راستوں پرگامزن ہے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں نو محرم کے جلوس سخت حفاظتی انتظامات میں روایتی راستوں سے گزر رہے ہیں۔ روہڑی میں امام بارگاہ شاہ عراق سے نکلنے والا تاریخی جلوس مقررہ راستے پر رواں دواں ہے۔ پنجاب بھر میں بھی نو محرم کی مجالس اور جلوس جاری ہیں۔ ملتان میں مرکزی جلوس ممتازآباد امام بارگاہ سے برآمد ہوگیا ہے۔ سرگودھا اور بہاولپورمیں بھی مجالس اور جلوس جاری ہیں۔ مظفر گڑھ کے مختلف علاقوں سے نو محرم الحرام کے جلوس برآمدہوگئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button