پاکستان

ملک بھر میں 8 ویں محرم کے حوالے سے ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

ma jinha roadشیعت نیوز  کے نمائندے کے مطابق ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں 8 محرم الحرام کے حوالے سے ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسل جاری ہے۔
8 محرم الحرام کا دن حضرت امام حسین علیہ السلام کے بھائی حضرت عباس عملدار کے مناسبت سے منایا جاتا ہے، آج کے روز برپا ہونے والی مجالس میں میدان کربلا میں حضرت عباس عملدار علیہ السلام کی بہادری، شجاعت، ان کے فضائل اور شہادت کے واقعے پر روشنی ڈالی جارہی ہے، اس کے علاوہ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس بھی برآمد ہورہے ہیں جس میں عزادار شہدائے کربلا کی یاد میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی بھی کررہے ہیں۔
کراچی میں 8 محرم کا ماتمی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا ہے جو ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی اور امام بارگاہ علی رضا، ایمپریس مارکیٹ ریگل چوک، تبت سینٹر، لائٹ ہاؤس اور تاور سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا، اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے اور وہاں 5 ہزار پولیس اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کی بھی بھاری نفری تعینات ہے، ایم اے جناح روڈ کے اطراف واقع اونچی عمارتوں پر خصوصی اسنائپرز موجود ہیں اس کے علاوہ جلوس کے تمام راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہےجبکہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آٹھویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اندرون بھٹائی گیٹ سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی انداز میں مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے،جلوس امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔جلوس کی گذرگاہوں پر کلوز سرکٹ کیمرے اور داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں بعض مقامات پر جلوسوں کی ہیلی کاپٹرز سے بھی نگرانی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کوئٹہ، پشاور، حیدر آباد، فیصل آباد، سکھر، میر پور خاص، بدین، نوابشاہ، خیرپور، لاڑکانہ، ملتان،ڈیرہ غازی خان، جھنگ، چنیوٹ، فیصل آباد گوجرانوالہ شیخوپورہ، سرگودھا، حافظ آباد، میانوالی، گجرات، بھکر اور قصور سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ماتمی جلوس اور مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button