پاکستان

دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، علامہ عارف واحدی

wahediشیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے گذشتہ روز لاہور میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک مدت سے ملک کے طول و عرض خاص طور پر کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کا عملاً راج ہے اور بڑے بڑے سانحات کے نتیجے میں سینکڑوں معصوم اور قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں لیکن آج تک نہ تو ان سانحات کے پس پردہ حقائق اور محرکات عوام کے سامنے لائے جا سکے اور نہ ہی ان سفاک دہشت گردوں کو قانون کے شکنجے میں جکڑ کر ان کے سرپرستوں کو بےنقاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، کراچی، کوئٹہ کے بعد اب دہشت گردوں نے لاہور کا رخ کر لیا ہے۔

علامہ عارف واحدی نے لاہور (پرانی انارکلی فوڈ سٹریٹ) سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین و پسماندگان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور یہ بات زور دے کر کہی کہ ریاست کے ذمہ داران اور قانون و امن و امان کے ضامن اداروں کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے ملک سے بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عوام امن و سکون سے جی سکیں اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button