پاکستان

پاراچنار، استقبال ماہ مبارک رمضان کے حوالے سے سیمینار

ramzan1گذشتہ سالوں کیطرح امسال بھی مجلس علمائے اہلبیت کے زیراہتمام استقبال ماہ مبارک رمضان مرکزی دفتر مجلس علمائے اہلبیت پارا چنار میں منعقد کیا گیا۔ جس میں مقامی تنظیموں انصار الحسین پاکستان پارا چنار، تحریک حسینی پارا چنار، آئی ایس او اور علماء و ذاکرین اہلبیت سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سیمینار سے آقائ رجائی، صدر انصارالحسین پارا چنار منصب علی، فرزند قائد شہید علامہ سید علی الحسینی اور صدر مجلس علماء اہلبیت آقای روحانی نے خطاب کیا۔ پروگرام کا آغاز باقاعدہ تلاوت کلام مجید سے کیا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری مولانا باقر حیدری نے آقائ رجائی کو دعوت خطاب دیا۔ آقائ رجائی نےکہا کہ اللہ تعالیٰ کیطرف سے رمضان المبارک ہمارے لئے راہ نجات کا مہینہ ہے۔ یہ مبارک مہینہ گناہوں کی مغفرت کا مہینہ ہے۔

سیمینار سے صدر انصارالحسین پاکستان پارا چنار ماسٹر منصب علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں لوگوں کو خدا کی طرف سے نعمتیں عطا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ میں لوگ خدا کی راہ پر گامزن اور راہ نجات پاتے ہیں۔ اس مہینہ میں ملت منظم ہو جاتی ہے۔ صدر انصار الحسین نے ماہ رمضان المبارک میں مرکزی دفتر انصارالحسین پاراچنار میں ہفتے میں دو دروس کا اعلان بھی کیا۔ فرزند قائد شہید سید علی الحسینی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعاً یہ مہینہ نجات کا ذریعہ ہے، بلکہ یہ اہل ممبر حضرات کے لئے اپنا فریضہ ادا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے اہل ممبر حضرات سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ دین کو محدود اور منجمد نہیں کرنا چاہیئے۔ بلکہ ہمارا دین وسیع و کھلا دین ہے۔

صدر مجلس علماء اہلبیت آقائ روحانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کو مذہبی امور سے آگاہ کرنے کا فریضہ علماء کا ہے۔ علماء و مبلغین کے لئے رمضان المبارک و محرم کا مہینہ اپنے فرائض کی ادائیگی کا اہم موقع ہے۔ آخر میں انہوں نے 3000 غرباء کیلئے رمضان پیکج کا اعلان بھی کیا۔ جو رمضان المبارک میں غرباء و مساکین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غربا کیساتھ یہ امداد آپ کے خمس و زکوٰۃ کا نتیجہ ہے۔ خمس و زکٰوۃ غرباء و ایتام کی مدد اور واجبات الٰہی میں سے ہے۔ پروگرام کے آخر میں محمد حسین طاہری نے مصائب اہلبیت علیھم السلام بھی بیان کئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button