پاکستان

سیکورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر 24مارچ کے جلسے کی اجازت نہ دینا انتہائی شرمناک فعل ہےمولانا مختار امامی

pc(شیعت نیوز) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے رہنما مولانا مختار امامی نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوکہا کہ موجودہ دور میں غیر ملکی ملک دشمن قوتوں امریکہ،اسرائیل اور بھارت اور اسی طرح اندرونی طور پر ان شیطانی قوتوں کے مقامی ایجنٹوں کی سازشوں کا شکار ہے جس کے نتیجے میں ملک کے کسی کونے میں ٹارگٹ کلنگ تو کسی کونے میں آبادیوں کو بم دھماکوں سے اڑائے جانے کے مناظر نظر آ رہے ہیں اسی طرح افواج پاکستان ،مساجد ،مزارات اولیاء اللہ،الغرض شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو خواہ وہ درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہو یا شعبہ طب سے وابستہ ہو یا پھر انصاف کی فراہمی کے شعبہ وکالت سے وابستہ ہو غرض یہ کہ ہر کسی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سر زمین پاکستان کے خلاف ایسی خطر ناک سازشیں کی جا رہی ہیں جس کا مقصد مملکت خداداد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور سامراجی شیطانی قوتوں کے ناپاک عزائم کی تکمیل کو انجام دینا ہے۔ایسے حالات میں کہ جب پورے ملک کے کونے کونے میں ان غیر ملکی دہشت گرد قوتوں کے مقامی ایجنٹوں نے پاکستان کے باسیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رکھا ہے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن قوتیں خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی ایجنٹ ہوں ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر خاک میں ملادیا جائے گا لہذٰا اسی حوالے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ نے اعلان کیا ہے کہ 24مارچ بروز اتوار کو حیدر آباد بائی پاس پر عظیم الشان ’’قرآن و اہلبیت ؑ ‘‘ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔قرآن و اہل بیت کانفرنس ملک میں جاری غیر ملکی و اندرونی سازشوں کا قلع قمع کرنے اور دشمن اسلام و پاکستان کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے اور استحکام پاکستان کی ضمانت کے مترادف ثابت ہو گی۔
24مارچ اتوار کو حیدر آباد میں عظیم الشان اجتماع ہو گا جس میں سندھ بھر سے لاکھوں موالیان اہل بیت علیہم السلام اور شیعیان حیدر کرار (ع) محب وطن پاکستانی شریک ہوں گے اور ثابت کر دیں گے کہ پاکستان کے عوام سر زمین پاکستان پر امریکی و اسرائیلی اور ان کے مقامی ایجنٹوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔24مارچ کا عظیم الشان اجتماع اولیاء اللہ کے ماننے والوں،صوفیوں کے چاہنے والوں اور محب وطن پاکستانیوں کا تاریخ ساز اجتماع ہو گا جو استحکام پاکستان کی ضمانت ثابت ہو گا۔
24مارچ کو حیدر آباد میں ہونے والے عظیم الشان اجتما ع ’’قرآن و اہلبیت کانفرنس‘‘ کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ سندھ بھر سے کاروان ہفتے کے روز روانہ ہو جائیں گے اور حیدر آباد پہنچیں گے واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے اجتماع کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل بھی دے دی ہے ۔
معزز صحافی حضرات!
یہ بات انتہائی حیرت انگیز ہے کہ مملکت خداداد پاکستان میں جہاں ایک طرف دہشت گردوں کو کھلی آزادی دے دی گئی ہے وہاں دوسری طرف محب وطن قوتوں کو دیوار سے لگانے کی گھناؤنی سازشیں ہمارے ریاستی ادارے ہی کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ایسے حالات میں کہ جب انتخابات کا عمل جاری ہے اور پولیس حکام کی جانب سے سیکورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر 24مارچ کے جلسے کی اجازت نہ دینا انتہائی شرمناک فعل ہے ۔ایسا لگتا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کو عملی طور پر دہشت گرد قوتوں اور ملک دشمن قوتوں کے حوالے کرنے کا ریاستی اداروں کی جانب سے پروگرام تشکیل دیا جا چکا ہے۔ایک طرف ملک دشمن دہشت گرد عناصر ملک بھر اور خصوصاً سندھ میں دہشت گردانہ کاروائیاں کرنے کے بعد آزاد گھوم رہے ہیں اور دوسری طرف ان دہشت گردوں کے خلاف آواز بلند کرنے والی محب وطن قوتوں کی آواز کو دبانے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ قرآن و اہلبیت علیہم السلام کانفرنس ٹھیک24مارچ اتوار کو حیدر آباد بائی پاس پر منعقد ہو گی اور اگر پولیس نے سیکورٹی دینے سے انکار کر دیا تو ہمارے اسکاؤٹس سیکورٹی کی ذمہ داری انجام دیں گے ۔اگر انتظامیہ نے 24مارچ کے عظیم الشان اجتماع کو روکنے کی کوشش کی تو سندھ بھر میں اس کے سخت نتائج برآمد ہوں گے اور حالات کی ذمہ داری آئی جی سندھ پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت نگران وزیر اعلیٰ جسٹس(ر) زاہد قربان علی پر عائد ہو گی۔
ہم وزیر اعلیٰ جسٹس(ر)زاہد قربان علی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ 24مارچ کو ہونیو الے عظیم الشان اجتماع کے لئے فول پروف سیکورٹی کے اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ہم وزیر اعلیٰ سندھ کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ جلسہ ہر حال میں ہو گا اور اگر کسی نے جلسہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ بھر میں اولیاء اللہ کے مزارات کو دہشت گردی کانشانہ بنانے والے دہشت گردوں اور معصوم انسانوں کوبم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں قتل کر نے والے ملک دشمن دہشت گرد وں کو گرفتار کیا جائے اور محب وطن قوتوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والی ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ مملکت خداداد پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنانے دیں گے اور اس کے لئے ہم نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور کرتے رہیں گے لیکن وطن پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
ہم حکومت اور ان تمام اداروں کو خبر دار کرتے ہیں جو 24مارچ کے جلسے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ناپاک عزائم سے دور رہیں بصورت دیگر ملت جعفریہ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button