پاکستان

ہم خیال کے رہنماؤں کی ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے ملاقات، دہشتگردی سمیت ملکی مسائل ملکر حل کرنے پر اتفاق

mwm pml۔ پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے وفد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی دفتر العارف ہائوس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائدین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی و غیر ملکی امور پر گفتگو کی گئی۔ پی ایم ایل (ہم خیال) کی جانب سے سنیٹر سلیم سیف اللہ، ہمایوں اختر، میجر عباس، میاں عاطف اور سابق وزیر پرویز علی شامل ہوئے، جبکہ اس ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد کی سربراہی مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری جبکہ دیگر قائدین میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات سید علی اوسط رضوی، مرکزی شوریٰ عالی کے رکن علامہ اقبال بہشتی اور ملک اقرار حسین شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم اس خطے کے وارث ہیں اور اس کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو درست کرنے کے لئے اس کی بنیادوں کو درست کرنا ہوگا۔ خطے میں بیرونی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی ڈکیتوں سے اپنے وسائل کو چھین لینے کا وقت آچکا ہے۔ ایشیا کا مستقبل روشن ہے اور یورپ زوال پذیر ہو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مل بیٹھا جائے اور ملک کو بحرانوں سے نکالا جائے۔ سلیم سیف اللہ نے بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دیرینہ خواہش تھی کہ اس طرح کے اذہان ملیں، جو ملک کے مسائل کو ترجیح دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ تمام پارٹیاں ہوس اقتدار میں لگی ہوئی ہیں اور ملکی مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم تمام وطن دوست جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھیں گے اور پاکستان کو مسائل سے نکال کر جہان اسلام اور دنیا میں باوقار مقام دلائیں گے۔ سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے مہاراجہ ہر روز لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کی تاریخیں دیتے ہیں، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ نے روزہ داروں کا جینا محال کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس دم عوام کا ابلتا ہوا لاوا پھٹے گا، حکومت کو لے ڈوبے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button