پاکستان

کوئی سیاسی پارٹی ہماری حفاظت نہیں کر سکتی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

allama raja nasirabbasایم ڈبلیو ایم بلتستان ڈویژن کی طرف سے ایک عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اس کی ذمہ دار صرف سیاسی پارٹیاں ہی نہیں بلکہ سیکوریٹی کے ادارے بھی ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور استاد الاعلماء مولانا غلام عباس رئیسی کے اعزاز میں مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن کی طرف سے ایک عشائیہ دیا گیا جس میں علاقہ بھر سے علماء کرام، زعماء اور صحافی برادری نے شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انسانیت اور دنیا کی نجات کسی بھی ازم میں نہیں ہے۔ دنیا کے تمام نظام اپنی موت آپ مر رہے ہیں۔ خواہ وہ سرمایہ دارانہ نظام ہو یا اشتراکیت و اشتمالیت۔ یہ تمام نظام انسان کو حقیقی فلاح و کامیابی دینے میں کسی طور کامیاب نہیں ہو سکے، آج اسلام کا نظام باقی تمام نظاموں پر غالب آرہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیائے اسلام کے دشمنوں نے اسلام کو کمزور کرنے یا یوں کہیں کہ اسلام پر کاری ضرب دین و سیاست کو الگ کرکے لگایا۔ اس کو الگ سمجھنے کا مطلب یہ ہے کے اسلام میں کوئی سیاسی نظام نہیں ہے۔ ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات کا نام ہے نہ کہ صرف نمازوں اور دعاؤں کا۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے تمام آئمہ وقت کے طاغوتوں سے ٹکرا گئے اور گیارہ امام شہید ہوئے۔ دشمنوں کو آئمہ کی دعاؤں اور عبادتوں پر کوئی اعتراض نہیں تھا بلکہ ان کی سیاسی جدوجہد اور الہی حکومت کا قیام نکتہ اعتراض تھا۔ لہذا ہمیں جدوجہد بھی اسی الٰہی حکومت کے لئے کرنی ہے۔ ہمیں کوئی سیاسی پارٹی یا گروہ نہ حفاظت دے سکتی ہے اور نہ وہ مخلص ہے ہمیں اپنی حفاظت خود کرنی ہوگی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اس کے ذمہ دار صرف سیاسی پارٹیاں ہی نہیں بلکہ سیکوریٹی کے ادارے اور ایجنسیاں بھی ہیں جن کی غلط پالیسی کے سبب اس وقت ملک میں شورش ہے، پہلے مشرقی پاکستان جو ہمارے جسم کا حصہ تھا کٹ گیا، ان کی نیت پر شک کیا، ان کی حب الوطنی کو مشکوک نگاہوں سے دیکھا گیا چنانچہ وہ جدا ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بلوچستان کے ساتھ بھی یہی سلوک اور گلگت بلتستان کو بھی ایک کو فرقہ واریت اور دہشت گردی کے گرداب میں دھکیلا جارہا ہے۔ اس وقت ملکی سلامتی کا واحد حل وحدت ہے۔ اگر وحدت کی فضاء کو قائم کریں مسلکی اختلافات کو محاذ جنگ بنائے بغیر مسلمانان پاکستان مشترکات پر جمع ہوجائیں تو امریکہ و اسرائیل سمیت پاکستان میں موجود مٹھی بھر دہشت گردوں کو مات دینا کوئی مشکل کام نہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button