شہداء ہماری عزت و غیرت ہیں، انکے قاتلوں کو دنیا میں کہیں بھی امان نہیں ملے گی، سید حسن نصراللہ
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے دشمنوں کے خلاف تحریک مزاحمت کی متعدد کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمت کی کامیابیوں نے سازشکارانہ منصوبوں کو علاقے میں ناکام بنا دیا ہے اور نئی راہوں کو کھولا ہے۔ العالم کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل "سید حسن نصراللہ ” نے جنوبی بیروت میں سیدالشھداء کمپلکس میں مزاحمت کے ایک اعلٰی کمانڈر شہید "حسان اللقیس” کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مزاحمت کے شہداء و ان کے کارناموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہید "حسان اللقیس” مزاحمت کے ایک اعلٰی کمانڈر، عاشق شہادت اور مزاحمت کے درخشاں سپوت تھے۔ ان شہداء کی ذمہ داریوں کی ماہیت اس طرح کی تھی کہ ان کی معارفی کا امکان نہ تھا اور یہ لوگ شہادت سے قبل ہی ناآشنا باقی رہ گئے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل "سید حسن نصراللہ ” نے مزاحمت کے اعلٰی کمانڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ تقریب میں بھرپور شرکت پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور تمام حاضرین کو اس شہادت پر تسلیت پیش کی اور کہا کہ ان شہداء نے دن رات مزاحمت کے راستے میں خدمت کی تھی اور ان شہداء کے اہل خانہ نے بھی اس حوالے سے مزاحمت کے راستے میں جاں فشانی کی ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امید ہے کہ ایک دن ایسا آئے کہ کھل کر شہداء خاص طور پر مزاحمت کے کمانڈروں کے کارنامے اور ان کی شخصیت کے بارے میں بات کی جائے۔ "سید حسن نصراللہ” نے شہید "حسان اللقیس” کی شخصیت کے بارے میں کہا کہ وہ عاشق شہادت اور مزاحمت کے عظیم سپوت تھے اور ان کی شہادت کے حوالے سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔