حزب اللہ کیخلاف جنگ سے پرہیز کی جائے، وگرنہ بھاری قیمت ادا کرنا پڑیگی اسرائیلی اخبار
صہیونی اخبار ہاارتص نے اعتراف کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیارے کا اسرائیل کی فضائی حدود کے اندر تک پرواز کرنا، حزب اللہ کی بڑھتی ہوئی فوجی طاقت کا مظہر ہے۔ صہیونی اخبار نے اپنی آج کی اشاعت میں لکھا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائيل کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی صلاحیت کو جانچنے، بعض مخصوص اہداف کی تصاویر بنانے اور ایک طرح سے ڈیٹرینٹ ماحول قائم کرنے کے لئے اپنا ڈرون اسرائيل کی فضا میں روانہ کیا تھا۔ اس اخبار نے قدس کی غاصب حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حزب اللہ نے ایسے عالم میں اپنا ڈرون اسرائيل کی فضاوں میں بھیجا ہے کہ اس نے ابھی تک اپنے ترقی یافتہ میزائلوں کی توانائی اور صلاحیت سے پردہ نہیں اٹھایا ہے۔ صہیونی اخبار نے اعتراف کیا ہے کہ اب یہ سب پر واضح ہوچکا ہے کہ حزب اللہ سے جنگ کی صورت میں اسرائيلی فوج کو نہایت سخت حالات سے دوچار ہونا پڑے گا، کیونکہ حزب اللہ کے پاس نہایت موثر ڈیٹرینٹ حربے موجود ہیں۔ اس صہیونی اخبار نے صہیونی فوج کے ایک اعلٰی افسر کے حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیل کو حزب اللہ کے خلاف جنگ کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے، ورنہ اسے اپنے اس اقدام کی بھاری قیمت ادا پڑے گی۔