متفرقہ

دنیا بھر میں یوم عاشور کے بعد مجالس شام غریباں

majlis_shame_ghareebanپاکستان،بھارت اور برطانیہ سمیت دنیا بھر کے اکثر ممالک میں جمعے کے روز نواسہ رسول۔شہید اعظم امام حسین علیہ السلام کی قربانی کی یاد میں یوم عاشور منایا گیا اور اس قربانی کی یاد میں مجالس و ذکر کی محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عراق کربلائے معلیٰ میں دنیا بھر سے ائے ہوئے لاکھوں زائرین نے نواسہ رسول کی یاد میں مجالس کا اہتمام کیا۔
لاہور،کراچی،پشاور اور کوئٹہ کے علاوہ لندن،نیویارک،سڈنی،ٹورنٹو اور بے شمار دوسرے شہروں میں مجالس عزامنعقد ہوئیں ،ماتمی جلوس نکالے گئے اور اب رات پڑنے پر مجالس شام غریباں منعقد ہو رہی ہیں۔
پاکستان سمیت دنیابھرمیں دسویں محرم الحرام کے موقع پر عزاداروں کے ماتمی جلوس اور تعزیے نکالے گئے۔جلوسوں میں عزاداروں نے شہدائے کربلاکی یادمیں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی۔
عالمی اخبار کے نامہ نگار کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں یوم عاشور کے تعزیہ، علم اور شبیہ ذوالجناح کے تین سو جلوس نکالے گئے جو سخت سیکورٹی میں روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقامات پر اختتام پذیر ہوگئے۔
ڈیرہ اسمٰعیل خان میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کرفیو نافذ ہے۔ تاہم جلوسوں کے روٹس مستثنیٰ ہیں۔ جلوس اور حساس مقامات کی فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ پاک فوج اور پولیس کے اہلکار شہر بھر میں گشت کرتے رہے۔ شہر کی مختلف امام بارگاہوں میں آج رات شام غریباں کی مجالس منعقد کی جارہی ہیں۔
کراچی میں 10محرم الحرام کے سلسلے میں نشتر پارک میں مجلس کے بعد مرکزی جلوس کے شرکاء اپنی منزل امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کی جانب رواں دواں ہیں۔علامہ شہنشاہ نقوی نے نشتر پارک میں مجلس پڑھائی اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور خراج عقیدت پیش کیا۔
مجلس کے بعد شرکاء نمائش سگنل پر جمع ہوئے اور جلوس کی شکل میں امام بارگاہ علی رضا پہنچے۔ اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعنیات کی گئی ہے۔ شرکاء کو جامعہ تلاشی کے بعد جلوس میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔
ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے بھی جلوس کی تمام گزر گاہوں کو کلیر کیا جا رہا ہے۔جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں میں اختتام پذیر ہو گا۔
لاہورمیں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوا ہے جو اپنے مقررہ روٹ پر ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ کی طرف گامزن ہے۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والاشبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس جمعرات کی شب برآمد ہوا اور اپنے مقررہ روٹ پر رواں دواں ہے۔جلوس کے شرکا نے اذان فجر کے وقت مسجد کشمیریاں کے باہر زنجیر زنی اور ماتم کیا۔ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون موچی محلہ ، محلہ شیعاں ، لال کھوہ ، چوک نواب صاحب، کشمیری بازار ، رنگ محل اور اندرون بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا آج مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا
جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں ۔پانچ ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ 200سے زائد سی سی ٹی کیمروں کے ذریعے بھی جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔جلوس کے داخلی راستوں پر شرکا کی جگہ جگہ پر تلاشی لی جا رہی ہے اور جلوس کی طرف آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ایران کے دارلحکومت تہران میں نویں محرم کے جلوس میں ایرانی صدرمحمود احمدی نژاد سمیت ہزاروں عزادار شریک ہوئے۔ جونواسہ رسول (ص) اور دین پر قربان ہونیوالوں کی یاد میں ماتم کرتے ہیں۔
عراق بھر میں نومحرم کے جلوس نکالے گئے جبکہ لاکھوں عزادار عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت کیلئے کربلا میں ہیں۔
سکیورٹی وجوہات کی بنا پر شہرمیں گاڑیوں کاداخلہ بند کردیاگیاہے۔بغداداور کربلا میں اٹھائیس ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔عراقی فورسزنے مختلف کارروائیوں میں80 مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کرلیاہے۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں  عاشور محرم الحرام کاجلوس برآمد ہوا جس میں عزاداروں نے سینہ کوبی اور زنجیرزنی بھی کی ۔
کینیڈاکے شہر ٹورنٹو میں مجلس عزا کوئنز پارک میں ہوئی جس میں مردوں اوربچوں کے ساتھ ساتھ خواتین عزاداروں کی بھی بڑی تعدادشریک تھی۔شرکاکاکہناتھاواقعہ کربلااس بات کی ترجمانی کرتاہے کہ اسلام کی سربلندی کے لیے باطل کے سامنے جھکنے پرموت کوگلے لگانابہترہے۔
آسٹریلیا کے شہروں سڈنی،میلبورن،پرتھ اور دیگر شہروں کی امام بارگاہوں میں عاشور کی مجالس ہو رہی ہیں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔سڈنی میں مرکزی مجلس امام حسن سینٹر میں ہوئی ہے
برطانیہ کے مختلف شہروں میں عاشور کے موقع پر مجالس منعقد ہو رہی ہیں اور علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ لندن میں پچاس سے زائد مقامات پر مجالس کا اہتمام ہے اور مرکزی جلوس امامیہ مشن رامفورڈ سے نکلے گا۔
امریکا کی ریاست ٹیکساس میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔اس ضمن میں ہیوسٹن میں یوم عاشور کا جلوس ڈاؤن ٹاؤن سے برآمد ہوا ۔جو کہ انجمن پاسبان عزا کی جانب سے برآمد کیا گیا ۔
جلوس میں عزاداران حسین ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے ۔جبکہ ڈیلس میں بھی مختلف مذہبی تنظیموں کی جانب سے جلوس عزا ڈاؤن ٹاؤن سے برآمد ہوئے ۔عاشورہ کے جلوس میں مردوخواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔اس موقع پر امام بارگاہوں میں مجلس شام غریباں کا اہتمام بھی کیا گیا اور نیاز ولنگر مومنین میں تقسیم کیا گیا
پاکستان اور بھارت کی طرح برطانیہ میں بھی متعدد دینی ٹی وی اس موقع پر خصوصی پروگرام نشر کر رہے ہیں۔
پشاور کے حساس علاقے چوک یادگار پر دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زرائع کے مطابق دھماکہ پشاور کے چوک یادگار میں ہنینڈ گرنیڈ سے کیا گیا، جس میں انیس افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دہماکے میں زخمی ہونے والوں میں چھ عورتیں اور ایک بچہ  بھی شامل ہیں۔
سینیر صوبائی وزیر خیبر پختونخوا بشیر احمد بلور نے ہسپتال کے باہر میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ دھماکہ ہینڈ گرنیڈ سے کیا گیا، جس میں انیس افراد زخمی ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی محرم الحرام نہایت عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔گزشتہ روز نویں محرم الحرام کو علم اور ذوالجناح کا ماتمی جلوس امام بارگاہ بموں شاہ سے برآمد ہوا۔
عزاداران تمام راستےنوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے رہے۔جلوس اپنے روایتی راستوں امام بار گاہ یلہ شاہ،فضل شاہ،حضرت عباس،حیدر شاہ شیرازی سے ہوتا ہوا امام بار گاہ لاٹو فقیر پر اختیتام پذیر ہوا ۔ مجالس اور جلوسوں کے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئےہیں ۔
گذشتہ رات آٹھ بجے سے ڈیرہ اسما عیل خان شہر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذہے ۔ شہر کی گلیاں اور بازار مکمل سنسان ہیں جبکہ سرکلر روڈ پر پولیس اور فوج کا گشت جاری ہے۔ الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو کوریج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
اسلام آباد سے عالمی اخبار کے قمر رضوی نے بتایا ہے کہ شہر کا مرکزی جلوس عزا آج 9 محرم الحرام 1432 ھ بمطابق 16 دسمبر 2010 کو مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے دن ایک بجے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا رات نو بجے اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا۔
جلوس سے قبل مولانا ناصر عباس آف ملتان نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے افکار امام اعلی مقام اور مصائب کربلا پر روشنی ڈالی۔ جلوس میں کم و بیش دو لاکھ عزاداران امام مظلوم نے شرکت کی۔ ذوالجناح، علم، تعزیہ اور جھولے کی متعدد شبیہیں برآمد ہوئیں۔  متعدد مقامات پرسبیلوں اور نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ جلوس مکمل طور پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حفاظتی تحویل میں تھا، جسکی وجہ سے بفضل خدا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
شب عاشور پر بھی اسلام آباد کے تمام امام بارگاہوں میں مجالس و مفافل اعمال عاشور برپا ہو رہی ہیں اور عزاداران اپنے اپنے انداز میں رسول اکرم (ص) کو انکے نواسے کا پرسہ دے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button