ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے داعش پر نسل کشی کاالزام

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دہشتگرد گروہ داعش پر شمالی عراق میں نسلی تصفیے کاالزام لگایا ہے۔
روزنامہ الشرق الاوسط کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آج اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ داعش کے
ہاتھ سے بچ نکلنے والوں نے عراقی عوام کے ساتھ اس دہشتگردگروہ کے وحشیانہ اقدامات کے ہولناک واقعات بیان کئے ہيں۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عینی شاہدوں کی شہادت سے پتہ چلتا ہے کہ اس گروہ کے جنگی جرائم ، اجتماعی پھانسی اور اغوا کی کاروائياں، شمالی عراق میں عیسائیوں ، ترکمن شیعوں اور ایزدیوں کے ساتھ انجام دی جارہی ہیں جو پوری طرح جانبدارانہ اور ٹارگٹڈ طور پرانجام پاتی ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں تاکید کے ساتھ کہا گیاہے کہ ایسے دلائل اور شواہد موجود ہيں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اگست کے مہینے میں اس گروہ نے سنجار کے علاقے میں اجتماعی قتل عام انجام دیا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی عراق میں داعش دہشتگردگروہ نے بربریت کا بازارگرم کرتے ہوئے ، عیسائیوں، ترکمن شیعوں، ایزدیوں اور ابوبکر البغدادی کی بیعت سے انکار کرنے والے سنی مسلمانوں کا نہایت بے دردی سے قتل کرکے ان کے سر قلم کرليئے۔








