عراق میں پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اقوام متحدہ کو تشویش

اقوام متحدہ نے عراق میں پناہ گزینوں کی تعداد میں بے انتہا اضافے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے اپنی ایک تازہ ترین رپورٹ میں اعلان کیا ہےکہ حالیہ ہفتوں میں عراق کے اندر چھ لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ افراد نے پناہ گزین کیمپوں کا رخ کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق عراق میں پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد پندرہ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ اقوام متحدہ نے اسی طرح اعلان کیا ہےکہ اس مدت کے دوران عراق میں ہزاروں عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور اس ملک میں عام شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے اس سے قبل اپنی ایک رپورٹ میں عراق کے کردستان کے علاقے میں دو لاکھ بیس ہزار شامی پناہ گزینوں کی موجودگي کی خبر دی تھی۔ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے عراق میں عام شہریوں کے قتل عام پر تشویش ظاہر کی ہے۔








