ایران

ملت ایران کے خلاف مغرب کی پانبدیاں غیر قانونی اور غلط:صدر مملکت

rohani iran صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اپنے ساتویں صوبائي دورے پر آج شمال مغربی صوبے اردبیل پہنچ گئے ہیں۔

صدر مملکت نے شہر اردبیل میں عوام کے عظیم اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ملت ایران کے خلاف مغرب کی پانبدیاں غیر قانونی اور غلط ہیں۔ ایوان صدر کی ویب سائٹ کے مطابق صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ملت ایران کے حقوق کا دفاع کر رہی ہے اور دفاع کرتی رہے گي۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے غلط اور غیر قانونی پابندیوں کی بنیاد ڈالی ہے اور ہم اس بنیاد کو عوام کی ہمت اور رہبرانقلاب اسلامی کی ہدایت و رہنمائی سے توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سفارت کار کہنہ مشق اور تجربہ کار ہیں جو عالمی طاقتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں اور ہم اس طرح ملت ایران کے حقوق کا دفاع کر رہے ہیں اور ہم نے اپنے ایٹمی حقوق کا تحفظ کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم عوام کی زندگي میں خوشحالی لے کر آئيں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم ملت ایران کی دوست ہوگي اور اس کے حقوق کا احترام کرے گي ہم بھی اس کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائيں گۓ لیکن اگر کوئي حکومت ملت ایران اور علاقے کی قوموں کے حقوق پامال کرنے کی کوشش کرے گي تو ظاہر سی بات ہے ملت ایران اس کی جارحیت کے مقابل ڈٹ جائے گي۔
صدر مملکت جناب حسن روحانی نے علاقے میں عدم استحکام اور بدامنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج عراق کے مظلوم عوام کے سر پر ایسے جلادوں کی تلوار لٹک رہی ہے افسوس کہ جو اسلام کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں لیکن عملا صیہونیوں کے آلہ کار ہیں اور انہوں نے عراق کے لاکھوں شہریوں کو جن میں شیعہ سنی اور کرد شامل ہیں، ترک وطن پر مجبور کر دیا ہے۔ صدر جناب حسن روحانی نے کہا کہ شام کے عوام بھی اپنے گھر بار سے نکال دئے گئےہیں۔ انہوں نے کہاکہ جلادوں نے فلسطین و غزہ کے مظلوم عوام کو اپنے بموں اور میزائلوں کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہمیں متحد ہوکر دنیا کو آگاہ کردینا چاہیے کہ ایران میں استحکام اور امن حکم فرما ہے ۔
اطلاعات کے مطابق صدر مملکت اپنے اس دو روزہ دورے میں صوبۂ اردبیل کے حکام، قبائیلیوں اور دیہی باشندوں کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کریں گے۔ ترقی اور سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس اور صوبائي کونسل کے اجلاس میں شرکت بھی صدر مملکت کے دورۂ اردبیل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button