مسئلہ فلسطین ایران کے لئے ایک سیاسی مسئلہ نہيں حسین امیرعبداللہیان
افریقہ اور عرب ممالک کے امور میں ایران کے نائب وزيرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ فلسطین ایران کے لئے ایک سیاسی مسئلہ نہيں بلکہ اسٹریٹیجک مسئلہ ہے۔
امیر عبدالہیان نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا کہ صیہونی حکومت، اس غلط تجزيے کی بنا پر غزہ میں فلسطینی عوام کا قتل عام کررہی ہے کہ شام، مصر، اور شمالی مشرق وسطی کے حالات کےباعث اسلامی ممالک کی فلسطین کے مسئلے کی جانب توجہ کم ہوگئي ہے۔
ایران کے نائب وزيرخارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت نے استقامت کی جانب سے بھرپور ردعمل دیکھنے کےبعد اسے جھکنے پرمجبورکرنے کےلئے بچوں کے قتل عام اور اقوام متحدہ کے اسکولوں اور اسپتالوں کونشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نےبعض اسلامی ممالک کے دینی اور سیاسی رہنماؤں پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ بعض مفتیوں کی جانب سے عراق وشام میں جہاد کا فتوی دیا جانا اور غزہ پٹی میں ہونے والے جرائم کے سلسلے میں خاموشی حیرت انگیز ہے۔
ایران کے نائب وزيرخارجہ امیرعبداللہیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت پرتاکید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بحران کے آغاز سے ہی صدر مملکت نے مختلف ممالک کے سربراہوں سے کافی ٹیلی فونی رابطےکئےاور ایران کے وزيرخارجہ نے فلسطینی بچوں عورتوں اور زخمیوں کو ایران منتقل کرنے پرآمادگی کااظہار کیا۔