حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کے موقع پر سارا ایران سوگوار
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت ساری دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے سوگ منایا جارہا ہے۔
ایران کے ہر چھوٹے بڑے قریے میں مسجدوں ، امام بارگاہوں اور علماء کے گھروں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جو گذشتہ شب ہی سے شروع ہوگيا تھا۔ حسینیہ امام خمینی میں بھی رہبرانقلاب اسلامی کی شرکت سے کئي دنوں سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم میں آپ کی بہن حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ ہائے مقدسہ میں لاکھوں افراد زیارت کا فیض اٹھانے کے ساتھ ساتھ مجالس عزا میں بھی شرکت کررہے ہیں۔ ان روضہ ہائے طیبہ میں خاص طور سے مجالس عزا کا اہتمام کیا گيا ہے جس میں شعرا و مقررین اھل بیت عصمت و طہارت کی خدمت میں نذرانہ عقیدات پیش کر رہے ہیں۔ ایران کے تمام مقدس مقامات میں بھی مجالس عزا برپا ہیں اور دسیوں ہزار لوگ ان میں شرکت کررہے ہیں۔ تہران اور دیگر بڑے شہروں کے مرکزی اسکوائروں پر عظیم اجتماعات دیکھنے میں آرہے ہیں جو بضعۃ الرسول کی عزاداری کررہے ہیں۔ قم المقدسہ میں بزرگ مراجع کرام نے ماتمی جلوس میں شرکت کی اور سینہ زنی کرتے ہوئے حرم تک گئے۔ اس جلوس میں لاکھوں عزاداروں نے شرکت کی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان میں بھی آج حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کی جارہی ہے۔ عراق کے مقدس مقامات میں بھی لاکھوں افراد حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق عمرہ کرنے والے ایرانیوں نے مکہ معظمہ میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی دختر گرامی کے یوم شہادت کی مناسبت سے خانہ کعبہ کے جوار میں مجالس عزا برپا کیں۔ ترکی کے شہر استنبول میں بھی اھل بیت علیھم السلام کے ہزاروں عقیدت مندوں نے ایران کے قونصل خانے میں عزاداری کی ہے۔