مراجع عظام کی جانب سے بحرین علماء کونسل کو منحل کئے جانے کی مذمت
بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی طرف سے اس ملک کی عوام کو سرکوب کرنے کی بڑھتی سازش اور علماء کونسل کو تحلیل کئے جانے کے خلاف جہان تشیع کے مراجع تقلید نے بیانات جاری کر کے آل خلیفہ حکومت کے اس غیر منصفانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی کا بیان
حضرت آیت اللہ نوری ہمدانی نے ملت بحرین کو مظلوم ترین قوم قرار دیتے ہوئے کہا: آل خلیفہ آسانی سے بحرینی عوام کا قتل کرتے ہیں اور کوئی ان پر اعتراض نہیں کرتا۔
انہوں نے مزید تاکید کی: ہم بحرین کی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اس ظلم سے دستبردار ہو جائے ایران کسی بھی صورت میں بحرین کے شیعوں پر ہونے والے اس قدر ظلم و جور کو برداشت نہیں کر سکتا۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے بحرین میں آیت اللہ عیسی قاسم کے مقام کو لبنان میں حسن نصر اللہ کے مقام سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا: ہم یہیں سے انہیں سلام دیتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔
آیت اللہ العظمیٰ علوی گرگانی کا بیان
حضرت آیت اللہ سید محمد علی علوی گرگانی نے ایک بیان جاری کر کے بحرین میں آل خلیفہ کے ہاتھوں علماء کونسل کو منحل کئے جانے کی مذمت کی ہے۔
آیت اللہ علوی گرگانی نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ یہ کونسل بحرین کے مومنین، انقلابی اور ولایت کے پیرو افراد کی پناہ گاہ ہے جس نے دین مبین اسلام اور انسان ساز مکتب اھلبیت (ع) کی ترویج میں بےشمار کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے بحرینی حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس ملک کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے اس رویے کو بدلے۔
آیت اللہ العظمیٰ روحانی کا بیان
حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید محمد صادق حسینی روحانی نے بھی عربی میں ایک بیان جاری کر کے بحرین حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ بحرین حکومت کا یہ اقدام بدترین اقدام اور ناقابل بخشش جرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ان کا یہ اقدام بحرین کے علماء اور شیعوں کے ساتھ مذہبی تعصب کی انتہا ہے۔
آیت اللہ روحانی نے آل خلیفہ حکومت کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ بحرین میں اپنے بھائیوں اور فرزندوں سے چاہتا ہوں کہ علماء کے ساتھ اپنے رابطے کو مزید مستحکم بنائیں اور جان لیں کہ یہ کام دشمنوں کی آنکھ کا کانٹا اور اسکتبار کے خلاف ہمیشہ باقی رہنے والا حماسہ ہو گا۔
انہوں نے علمائے بحرین سے مطالبہ کیا ہے کہ مراجع عظام کی پیروی میں ثابت قدم رہیں اور مومنین اور انقلابی عوام کے ساتھ اتحاد کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں۔