تمام آزادی طلب انسان شیخ النمر پر عائد مقدمے کی مذمت کرتے ہیں: بوشہری
ایران کے حوزات علمیہ کے سربراہ آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے آیت اللہ شیخ نمر پر عائد مقدمے کے حوالے سے ابنا کے نمائندہ کے ساتھ گفتگو میں کہا: دنیا کے تمام آزادی طلب انسان آل سعود کے شیخ النمر کے خلاف چلائے جانے والے مقدمے کی مذمت کرتے ہیں۔
مجلس خبرگان رہبری کے رکن نے آج شہر مقدس قم میں حرم حضرت معصومہ (ع) میں لگی نمائش میں موجود ابنا کے نمائندہ سے گفتگو کی اور شیعہ اخبار رسانی کے میدان میں اہلبیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ کی کارکردگیوں کو سراہا۔
انہوں نے ہمارے نمائندہ سے گفتگو میں سعودی حکومت کی طرف سے شیخ النمر پر عائد الزامات کے حوالے سے کہا: یقینا سعودی حکومت کو عربستان کے اس عظیم عالم دین کے ساتھ غیر منصفانہ کاروائی کر کے پوری دنیا کے مسلمانوں کی مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن نے واضح کیا: بے سہارا عوام کو ان کے حقوق دلوانے والے علماء اور سیاسی لیڈروں کا جواب سزائے موت نہیں ہے۔ منطقی بات کا منطقی طریقے سے جواب دینا چاہیے ، منطقی بات کا جواب سزائے موت نہیں ہے۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے تاکید کی: تمام وہ لوگ جو آزادی کے طلبگار ہیں، آزادی بیان چاہتے ہیں اور اپنے سماج کے لوگوں کے لیے حقوق کے قائل ہیں سعودی حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتےہیں۔