ایران

ہر ملک کو اپنے دفاع کا حق حاصل، حملے کی صورت میں ایران کا جواب واضح ہے، احمدی نژاد

ahmadi nijad12اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ بیرونی جارحیّت اور حملے کی صورت میں ہمارا جواب واضح ہے۔ نیویارک سے میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے امریکی ٹی وی چینل "سی این این” سے بات چیت میں، صہیونی حکومت کی جانب سے ممکنہ حملے پر ایران کے جوابی اقدام کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے ہمارا جواب پوری طرح واضح ہے، کیونکہ ہر ملک کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیوں کسی کو اس بات کی اجازت دی جائے کہ ایران جیسے تاریخی اور بڑے ملک پر بے بنیاد الزامات عائد کرکے اسے دھمکیاں دے۔

آنحضرت (ص) کی شان مبارک میں گستاخی اور لیبیا میں امریکی سفیر کے قتل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم دینی مقدسات کے خلاف کسی بھی توہین آمیز اقدام اور عوام کی دل آزاری پر مبنی گستاخانہ حرکات کی شدید مذمت کرتے ہیں، تاہم اس کے ردعمل میں بھی تشدد آمیز اقدامات کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی مقدسات کے خلاف کیا گیا اقدام انتہائی بے شرمانہ اور گستاخانہ ہے اور اس کا آزادی اظہار سے کوئی ربط ہی نہیں ہے، بلکہ ایسی قبیح حرکت آزادی اظہار سے ناجائز فائدہ اٹھانا ہے۔

ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے دنیا میں سیاسی اغراص و مقاصد کے لئے دینی مقدسات کے خلاف گستاخانہ اقدامات سے گریز کی توقع ظاہر کرتے ہوئے احتجاجات کے خاتمے کے بارے میں کہا کہ میں اقوام عالم کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار نہ کریں، لیکن اگر مغرب کے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ایسے مواقع پر صحیح موقف اپنایا جائے تو صورتحال اس طرح پیچیدہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے فلسطین کے بارے میں کہا کہ ہمارا موقف پوری طرح واضح ہے اور جس طرح اس سے قبل بھی اعلان کرچکے ہیں، فلسطینیوں کو آزادانہ فضا میں فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ وہ اسرائیل کی ایران پر حملے کی دھمکیوں پر فکر مند نہیں ہیں، ہم اپنا دفاع خود کرسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، اس سے پہلے جنرل اسمبلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کے جوہری پروگرام کو تحفظ فراہم کر رہی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے برخلاف آزادی اظہار کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، احتجاج کے باوجود اسلام مخالف ویڈیو پر ان کی خاموشی کا کیا جواز ہے۔؟

ادھر نیویارک میں مقیم ایرانی شہریوں سے خطاب میں اسلامی جمہوری ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کے مقابلے میں کوئی بھی دشمن کامیاب نہیں ہوا، اور نہ ہی کبھی کامیاب ہوگا- نیویارک سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریی ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے نیویارک میں مقیم ایرانی شہریوں سے ملاقات میں حالیہ دنوں صہیونی حکام کی جانب سے ایران کے خلاف حملے کی دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم کے مقابلے میں کوئی بھی دشمن کامیاب نہیں ہوا ہے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوگا-

ایرانی صدر نے صدام کی جانب سے ایران پر حملے اور مغربی ممالک کی طرف سے اس حملے کی بھرپور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی طاقتوں نے صدام کی حکومت کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرکے ایران کے خلاف جنگ پر اکسایا، لیکن ایرانی قوم نے خالی ہاتھ اور سخت پابندیوں کے باوجود دشمن کا سخت مقابلہ کیا۔ صدر مملکت احمدی نژاد نے مزید کہا کہ ماضی میں اگر کسی بھی دشمن نے ایران پر حملے کی غلطی کی ہے تو وہ تباہ ہوگیا ہے۔

ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ ایران کے دشمنوں کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ ایرانی قوم دنیا کا انتظام چلا سکتی ہے اور دنیا کا نظام چلانے میں ایران ہی ان کا اصل حریف ہے، اسی لئے انہیں اس موضوع پر سخت تشویش لاحق ہے کہ دنیا کا انتظام ایران کے ہاتھوں میں نہ چلا جائے، کیونکہ اس صورت میں وہ آئندہ اقوام عالم کے وسائل کو نہیں لوٹ سکتے۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر نے دنیا کی سپر طاقتوں کے روبہ زوال ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال سے صاف واضح ہے کہ 2050ء تک دنیا میں ان کا کوئی نام و نشان باقی نہیں رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button