ملت ایران ایٹمی حقوق پر قائم آیت اللہ جنتی
تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ جنتی کی امامت میں ادا کی گئي۔ خطیب جمعہ تہران نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب میں کہا کہ ملت ایران پرامن ایٹمی انرجی سے استفادہ کرنے کے اپنے حقوق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگي۔
آیت اللہ جنتی نے ماسکو میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مجوزہ مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنے ایٹمی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے بغداد میں ایران اور پانچ جمع ایک کے مذاکرات کو مثبت قراردیتےہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر دانشمندی اور منطقی راستے سے مذاکرات جاری رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور امید کرتا ہےکہ مذاکرات کا مفید نتیجہ نکلے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے مختلف ہتھکنڈوں جیسے جنگ، حکام اور سائنس دانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور پابندیوں سے ملت ایران کو پسماندہ رکھنے اور حقوق سے پسپائي اختیار کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی لیکن اب ان پر واضح ہوچلا ہے کہ ان کی یہ ساری کوششیں بے سود تھیں۔
خطیب جمعہ تہران نے عراق میں ہونے والے دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے علاقے کے بعض عرب ممالک اور امریکہ کی سازشوں کے تحت ہورہے ہیں اور یہ لوگ نوری مالکی کی عوامی حکومت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
خطیب جمعہ تہران نے شام میں جاری بدامنی اور دہشتگردی کو امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے بعض علاقائي پٹھو ملکوں کی سازشوں کانتیجہ قراردیا اور کہا کہ شام کی حکومت ملت شام کی نمايندہ ہے اور اس نے اصلاحات کے بہت سے اقدامات انجام دئے ہیں جو علاقے کے کسی بھی ملک میں انجام نہیں پائے ہیں۔