ایران

امریکہ اور مغرب اپنی نیک نیتی ثابت کریںآیت اللہ محمد امامی کاشانی

imami-kashani تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ محمد امامی کاشانی کی امامت میں ادا کی گئی۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے گروپ پانچ جمع ایک کو نصیحت کی کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ بغداد میں ہونے والے مذاکرات میں عقل کو معیار قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مغربی ممالک آئندہ مذاکرات میں ایران کے ساتھ مشترکہ نقاط تک پہنچنا چاہتے ہیں تو انہیں عالمی سطح پر اسلامی جمہوریہ ایران کی اہم پوزیشن اور مقام کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان مذاکرات میں عقل منطق اور سچائی کو معیار قرار دینا چاہیے۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سچائی اور صداقت پر بنیاد رکھی گئی ہے، اس بات پر زور دیا کہ ملت ایران رہبر انقلاب اسلامی کے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کو حرام قرار دینے کے فتوے کے پیش نظر کبھی بھی یہ بم نہیں بنائے گي۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کو چاہیے کہ وہ ایران کے خلاف اپنا غیرمنصفانہ اور دھمکی آمیز رویہ ترک کر دے اور اعتماد سازی کے لیے قدم بڑھائے کیونکہ ایران اپنی ایٹمی پالیسیوں میں سچا رہا ہے اور اس نے ہمیشہ اختلافات کو حل کرنے اور مشترکہ نقاط تک پہنچنے کی کوشش کی ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے مزید کہا کہ بعض مغربی ماہرین نے استنبول مذاکرات میں ایران کی نیک نیتی کا اعتراف کیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ اب امریکہ اور مغربی ملکوں کی باری ہے کہ وہ ایران کے خلاف پابندیاں اور دباؤ ختم کر کے اپنی نیک نیتی ثابت کریں۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کائنات کی پاک ترین عورت کی حیثیت سے دنیا کی تمام پاک طینت عورتوں کے لیے نمونہ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی بی کی ذات والا صفات خیر کثیر کا سرچشمہ تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button