ایران

سائنس دانوں کا قتل سامراج کی بوکھلاہٹ ڈاکٹر محمود احمدی نژاد

ah12صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی ٹارگٹ کلنگ کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملت ایران کی تیز رفتار ترقی و پیشرفت سےعالمی سامراج کی بوکھلاہٹ کی علامت قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے آج ایرانی سائنسدان مصطفی احمدی روشن کی شہادت کی مناسبت سے ایک پیغام میں اس بات پر تاکید کی ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران سامراجی طاقتوں نے اپنی ایران مخالف سازشوں کی ناکامی کے بعد ملت ایران کو جدید ترین ٹیکنالوجی تک رسائي سے روکنے کے لۓ ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اس پیغام میں اس بات کو بیان کرتے ہوۓ کہ عالمی طاقتیں سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ترقی و پیشرفت کو اپنے ساتھ مختص رکھنے کے لۓ کسی بھی جرم سے دریغ نہیں کرتی ہیں کہا ہے اس طرح کی تسلط پسندانہ پالیسیوں سے مختلف میدانوں میں ترقی و پیشرفت کرنے پر مبنی ملت ایران کا ارادہ مزید مضبوط ہوگا۔
دوسری جانب نائب صدر محمد رضا رحیمی نے آج نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی حفاظت کے لۓ خصوصی حکم دیا ہے اور اس سلسلے میں کافی اقدامات انجام بھی دیۓ جا چکے ہیں۔ محمد رضا رحیمی نے مزید کہا کہ سامراج اور عالمی صیہونزم نے ایران کو سائنسی ترقی سے روکنے کی اپنے کوششوں میں ناکامی کے بعد اب ایران کے دانشمندوں کے قتل جیسے جرائم کا رخ کر لیا ہے۔ محمد رضا رحیمی نے ملت ایران کے خلاف عالمی سامراج کے دہشتگردانہ اقدامات کے منفی نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوۓ اس بات پر زور دیا کہ تہران نے ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لۓ مناسب طریقے اپنا لۓ ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت اور امریکہ کے پٹھوؤں نے گیارہ جنوری کو تہران میں ایران کے ایٹمی سائنسدان مصطفی احمدی روشن کو شہید کردیا تھا ۔ اس سے پہلے بھی ملت ایران کے دشمن ایرانی دانشمندوں مسعود علی محمدی ، مجید شہریاری اور داریوش رضائی نژاد کو دہشتگردانہ کاروائیوں میں شہید کرچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button