ایران

بڑی طاقتیں مذاکرات پر مجبور ہوں گی ڈاکٹر احمدی نژاد

ahmadi490اسلامی جہموریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا ہےکہ بڑی طاقتوں کو ایران کی عظیم قوم کے ساتھ مذاکرات کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
صدر جناب احمدی نژاد نے آج ایران کے جنوب مغربی شہر یاسوج میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاسد ترین حکومتیں اور انسانوں کے قاتل دنیا کے اہم ترین مراکز پر مسلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تسلط پسند طاقتوں نے جو قوموں اور حریت پسند انسانوں کی مخالف ہیں، انسانی حقوق اور جمہوریت کا پرچم اٹھا لیا ہے اور جہاں کہیں بھی حریت پسند، خود مختار اور انصاف پسند قوم ہے، وہ اس کے خلاف سازشیں کرنے لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران دنیا کی آزاد ترین اور صلح اور انصاف پسند قوم رہی ہے لیکن امریکہ اور اسکے اتحادی توہین آمیز الفاظ استعمال کرکے اسے مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔
ادھر نمیبیا کے وزیر خارجہ ڈینیل نجوما نے تہران میں صدر جناب احمدی نژاد سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر صدر جناب احمدی نژاد نے سامراج کا مقابلہ کرنے کےلئے خود مختار ملکوں کے تعاون کی ضرورت پر تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی خود مختار ملکوں سے تعلقات بڑھانے کی ہے اور ایران نے دیگر ملکوں کی اقتصادی توانائيوں سے استفادہ کرنے کی غرض سے افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں توسیع لانے کی روش اپنائي ہے۔
نیمیبیا کے وزیر خارجہ نے افریقہ کے کمزور اور غریب ملکوں کی حمایت کرنے کی اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ تعلقات میں فروغ کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایرانی کمپنیاں ہمارے ملک میں ترقیاتی پروگراموں میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے مختلف میدانوں میں ایران کی ترقی کو سراہا۔
قابل ذکر ہے کہ نمیبیا کے وزیر خارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کے ساتھ بھی ملاقات و مذاکرات کئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button