یوم دفاع؛ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے روشن مثال ہیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ یادگار دن ہمیں اپنے بہادر شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور وطن کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہمیشہ متحد رہنے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یومِ دفاع صرف جنگی کامیابیوں کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ یہ ہمیں اتحاد، نظم و ضبط، حب الوطنی اور قربانی کا عظیم درس بھی دیتا ہے۔ ہمارے شہداء نے اپنے آج کو قوم کے آنے والے کل کے لیے قربان کیا۔ ان کی قربانیاں ہمارے لیے ایک روشن مثال ہیں کہ وطن کی سلامتی اور سربلندی کی خاطر ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی جارحیت کا دندان شکن جواب، امریکی بحری بیڑے فرار
سینیٹر راجہ ناصر عباس نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہمیں پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط قوم کا قیام صرف سرحدوں کی حفاظت سے ممکن نہیں ہوتا، بلکہ اس کے لیے تعلیم، دیانت، محنت، باہمی اتحاد اور قانون کی پاسداری بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ دفاع کے موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں اور مل کر یہ عہد کریں کہ پاکستان کو ایک مضبوط، پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔







