علامہ عارف حسین واحدی کا دورہ گلگت بلتستان، خطے سے فرقہ واریت اور شدت پسندی کے خاتمے پر زور
شیعیت نیوز : نیشنل پیغامِ امن کمیٹی پاکستان کا گلگت بلتستان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔ اس دورے کا آغاز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ کے ساتھ ایک تفصیلی اور بامقصد نشست سے ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل، حقوق، تعلیمی صورتحال اور عوام کی حب الوطنی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بالخصوص گلگت بلتستان میں فرقہ واریت، تکفیر، شدت پسندی اور فکری انتشار کے خاتمے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے رکن علامہ عارف حسین واحدی نے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کی ملکی خدمات، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ قدرتی حسن اور معاشی وسائل سے مالا مال ہے، اگر ہم اتحاد و وحدت کے ساتھ اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں تو گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بننے کے ساتھ ساتھ سیاحت اور معاشی ترقی کا وسیع مرکز بھی بن سکتا ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے واضح کیا کہ فرقہ واریت اور تعصبات معاشرے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس خطے کو ہر قسم کی انتہا پسندی سے پاک کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے وہاں موجود تمام مکاتبِ فکر کے علماء کو ایک خوبصورت گلدستے سے تشبیہ دیتے ہوئے امن اور اتحاد کے مشن کو مل کر آگے بڑھانے پر زور دیا۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کمیٹی امن کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل میں حکومت کے ساتھ مکمل معاونت کرے گی۔







