قومی پیغامِ امن کمیٹی کا دورہ سکردو، بلتستان میں بین المسالک ہم آہنگی اور امن کی تعریف
قومی پیغام امن کمیٹی
شیعیت نیوز : قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مفتی عبد الرحیم کی قیادت میں سکردو کا دورہ کیا اور مرکزی امامیہ جامع مسجد کے امام جمعہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری، صدرِ مرکزی انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی اور دیگر عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد میں شامل علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری اور علامہ عارف حسین واحدی نے بلتستان کو امن، بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے پورے پاکستان کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیتے ہوئے علامہ جعفری کی قائدانہ صلاحیتوں اور اتحادِ امت کے لیے ان کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی حملے صرف امریکی فوجی اہداف تک محدود رہے، اسماعیل بقائی
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان مختلف مکاتبِ فکر کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے، جہاں علماء باہمی احترام کی فضا میں مسائل حل کرتے ہیں۔ انہوں نے سانحہ چلاس اور کوہستان جیسے المناک واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی بلتستان کے عوام اور علماء نے صبر، تدبر اور عملی وحدت کا مظاہرہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے بھی ملکی دفاع اور استحکامِ پاکستان میں بلتستان کے عوام کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا۔
دوسری جانب، آغا سید باقر الحسینی نے وفد کی توجہ بلتستان کے بنیادی مسائل خصوصاً بجلی اور پانی کی محرومیوں کی جانب مبذول کرائی۔ انہوں نے خطے میں ماورائے عدالت اقدامات، سوشل میڈیا صارفین کی بلاجواز گرفتاریوں اور منشیات فروشوں کے کھلے عام گھومنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون و آئین کی بالادستی کا مطالبہ کیا۔ مفتی عبد الرحیم نے یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا، غلط فہمیوں کا ازالہ اور امن کا فروغ ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور عالمِ اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔







