قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ ناصر عباس جعفری کی وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر سے ملاقات
علامہ ناصر عباس
شیعیت نیوز : قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ ناصر عباس، وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی کے درمیان ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، مجوزہ آئینی ترمیم، نئے صوبوں کے قیام، اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی، پنجاب میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں خفیہ ٹرائل اور سینیٹر مشتاق احمد خان کی ناحق قید سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ موجودہ اسمبلی عوامی مینڈیٹ اور اخلاقی جواز سے مکمل طور پر محروم ہے، لہٰذا اسے کسی بھی قسم کی آئینی ترمیم کرنے یا نئے صوبے بنانے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ایسی کسی بھی ترمیم کو جو ریاستی ڈھانچے یا آئین کی روح کو متاثر کرے، پاکستان کے وجود پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اپوزیشن جماعتیں جمہوریت کے خلاف اس اقدام کی بھرپور مزاحمت کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کی گاڑی کو حادثہ، حالت خطرے سے باہر
ملاقات میں پنجاب حکومت کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں خفیہ ٹرائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہریوں کے شفاف ٹرائل کے آئینی حق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ مزید برآں، سینیٹر مشتاق احمد خان کی ناحق قید اور ان کے خلاف جاری قانونی کارروائی پر بھی گفتگو کی گئی اور اسے سیاسی و جمہوری حقوق کے تناظر میں شدید قابلِ تشویش قرار دیا گیا۔
رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ سینیٹر مشتاق احمد خان کی آئندہ تاریخِ پیشی پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت عدالت پہنچ کر ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ اجلاس کے اختتام پر رہنماؤں نے آئین کی بالادستی، جمہوری آزادیوں، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام کی بحالی کے لیے اپوزیشن کے درمیان مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔







