ضلع کرم کی صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اہم اجلاس
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ضلع کرم کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ اس اہم اجلاس کا بنیادی مقصد کرم کے عوام کو درپیش موجودہ چیلنجز اور مسائل کے حل پر غور کرنا تھا۔
اجلاس میں وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، پارلیمانی لیڈر ایم این اے حمید حسین، سید ظہیر نقوی، علامہ مزمل حسین فصیح، سید نجات حسین، علامہ مشرف حسین اور سید مسرت حسین کاظمی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے اجلاس کے دوران ضلع کرم کی مجموعی صورتحال، دشوار گزار راستوں اور عوام کو درپیش روزمرہ کی مشکلات پر تفصیلی مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیں : 30 ستمبر کے بعد امریکی فوجیوں کی صرف لاشیں واپس جائیں گی، شیخ اکرم الکعبی کا سخت انتباہ
اس موقع پر علاقے کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر بنیادی عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کرم کے مسائل کے جلد از جلد حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے اور مشاورت کا سلسلہ مزید مؤثر اور منظم انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر شہداء کی قربانیوں اور شخصیات کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس موقع پر شہید رہبر سید علی خامنہای، قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی اور پاراچنار کی اہم شخصیت ڈاکٹر عابد علی شاہ صاحب کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔







