مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں جشن ولادت صادقین کی پروقار تقریب کا انعقاد
جشن ولادت صادقین
شیعیت نیوز : 31 اگست 2026ء بروز پیر، مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو بلتستان میں منتظمہ کمیٹی کے زیر اہتمام ولادت صادقین کے سلسلے میں ایک پروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ اس عظیم الشان جشن میں علمائے کرام، سادات عظام، شعرائے کرام، منقبت خواں، طلبہ اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی نظامت جناب وزیر رضا نے کی جبکہ شیخ محمد الیاس قمی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت سے مذاکرات کامیاب، گلگت بلتستان میں دھرنے جمعرات شام 5 بجے تک موخر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ذاکر حسین مقپون، علامہ شیخ اشرف تابانی، الحاج آغا سید صادق شاہ رضوی نجفی، علامہ شیخ مہدی جوادی اور علامہ شیخ محمد جواد حافظی نے بالترتیب محسنِ انسانیت، اخلاقِ پیغمبر، اتحاد، فقہ جعفری اور اسوۂ حسنہ کے موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت انسانیت کے لیے ہدایت، اخلاق اور علم کا کامل نمونہ ہے۔
علماء نے اسوۂ حسنہ کی وضاحت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کامیاب زندگی کے لیے سیرتِ رسول کو رہنمائی کا مرکز بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے موجودہ دور کے تقاضوں کا ذکر کرتے ہوئے نئی نسل کو مغربی تہذیب کے اندھے اتباع کے بجائے ائمۂ اہل بیت کی تعلیمات سے روشناس کرانے پر زور دیا۔ مقررین نے اسلامی انقلاب ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام صرف عبادات نہیں بلکہ علم، تہذیب اور تمدن سازی کا جامع نظام پیش کرتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی علامہ شیخ انور علی نجفی نے سیرتِ صادقین کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ داعیِ وحدت امام جمعہ و الجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اس پروقار تقریب کی صدارت کی۔ محفل کا آغاز طلبہ کی تلاوت سے ہوا، جبکہ شعراء اور قصیدہ خوانوں نے بارگاہِ رسالت و امامت میں عقیدت کے نذرانے پیش کیے۔







