امت مسلمہ کے مسائل کا حل صرف اتحاد اور مشترکہ جدوجہد میں مضمر ہے، آل پارٹیز وحدتِ امت کانفرنس

01 ستمبر, 2026 11:34

شیعیت نیوز : امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام مقامی ہوٹل میں ”ایک امت، ایک مقصد، ایک مستقبل“ کے عنوان سے آل پارٹیز وحدتِ امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم کانفرنس کی صدارت امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین حضور مہدی نے کی، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، علماء، دانشوروں اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست جعفریہ الائنس علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ انبیاء کرام اور اہلبیت رسول (ص) کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اور آج اگر مسلمان اسوۃ رسول (ص) پر کاربند ہو جائیں تو ہم یقیناً کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ سندھ اسمبلی کے رکن عادل عسکری نے بھی اس موقع پر زور دیا کہ نبی اکرم (ص) کی ذاتِ اقدس پوری امت کے لیے مرکزِ عقیدت و محبت ہے اور اسی نسبت سے امت کو متحد کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کو اپنی ذمہ داریوں اور اسلام آباد مفاہمت پر واپس آنا ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ

اپنے صدارتی خطاب میں حضور مہدی نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ باہمی اتحاد ہی سے ممکن ہے، جبکہ امام خمینیؒ کی جانب سے 12 تا 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت منانے کا اعلان امت مسلمہ کے درمیان اخوت اور باہمی احترام کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ شہید رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے عمر بھر وحدت پر زور دیا اور آج ان کے جانشین آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای بھی اسی نقشِ قدم پر چل رہے ہیں، لہٰذا مسلمان جزوی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکات کو بنیاد بنائیں۔

کانفرنس میں آئی ایس او کے مرکزی جنرل سیکریٹری سروش رضا، ڈاکٹر صابر ابو مریم، علامہ شیخ حسن صلاح الدین، رہنما جے یو پی مولانا قاضی احمد نورانی، مفتی عبد الباقی، علامہ حیات عباس، مولانا اصغر شہیدی اور ڈاکٹر عقیل موسیٰ سمیت دیگر کئی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے بین المسالک ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور ملک میں مذہبی و سیاسی اتحاد کے فروغ کے حوالے سے اپنے خیالات کا بھرپور اظہار کیا۔

12:24 شام ستمبر 1, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔