نوجوانوں کو سیرتِ طیبہ کی عملی تعلیمات سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، علامہ شہنشاہ نقوی
شیعیت نیوز : گورنر ہاؤس کراچی میں سیرتِ طیبہ کے عنوان سے ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نامور علمائے کرام اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالمِ دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا ہے، لہٰذا موجودہ حالات میں نوجوان نسل کو برداشت، رواداری اور ایک دوسرے کو خلوصِ دل سے قبول کرنے کا پیغام دینا انتہائی ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں صیہونی جارحیت کی انتہا: 315 دنوں میں 4379 جنگ بندی خلاف ورزیاں
مفتی محمد تقی عثمانی، قاری عثمان اور پیر سید اظہر شاہ ہمدانی سمیت دیگر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ کو محض پڑھنے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے عملی زندگی اور تعلیمی نصاب کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور گالم گلوچ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تلقین کی کہ والدین بچوں کی مادی مصروفیات کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر توجہ دیں اور خاندانی نشستوں میں سیرتِ پاک کا مطالعہ کریں تاکہ معاشرے میں اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ مل سکے۔







