جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے طلبہ کا واہگہ بارڈر پر پاک فوج کو خراجِ تحسین، یومِ فتح پر پُروقار تقریب
شیعیت نیوز : معرکۂ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے طلبہ نے واہگہ بارڈر پر پُروقار اظہارِ یکجہتی کیا اور پاک فوج کی شاندار فتح، بھارت کی ذلت آمیز ناکامی اور افواجِ پاکستان کی بے مثال جرأت و شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
طلبہ کے وفد نے ایران کی جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مؤثر ثالثی اور امن کوششوں کی بھی بھرپور تحسین کی۔ وفد کی قیادت پرنسپل جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ توقیر عباس نے کی جبکہ ناظمِ اعلیٰ مولانا ناصر المہدی سمیت دیگر علماء بھی ہمراہ تھے۔
علامہ توقیر عباس نے اس موقع پر کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمنوں کو ہمیشہ دندان شکن جواب ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شکارپور میں رہبرِ شہید خامنہ ای کے چہلم کی عظیم الشان کانفرنس کا اعلان، یکم مئی کو تاریخی اجتماع ہوگا
علامہ توقیر عباس نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ رکوانے کے کردار نے پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور بھارت دہشتگردانہ پالیسیوں اور مودی کی شدت پسندی کے باعث دنیا میں تنہا ہوتا جا رہا ہے۔
طلبہ نے واہگہ بارڈر پر رینجرز کی پریڈ اور پرچم اتارنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور پاکستان و پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے لگائے، اس موقع پر دیگر مذہبی جماعتوں اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔







