حضرت بی بی پاکدامن مزار پر ترقیاتی منصوبہ فیز دوم کا معائنہ، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ
شیعیت نیوز : سیکرٹری اور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب صوبہ بھر میں مزارات پر عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے یہ باتیں حضرت بی بی پاکدامن کے مزار پر جاری ترقیاتی منصوبہ فیز دوم کے معائنے کے دوران کہیں۔ انہوں نے منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ زائرین اور عقیدت مندوں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
فیز دوم کے تحت مرد و خواتین کے لیے علیحدہ بلاکس، لنگر خانہ، مسافر خانہ، وسیع پارکنگ ایریا، ریسکیو 1122، پولیس اور اوقاف انتظامیہ کے دفاتر کی تعمیر شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ ہار چکا، ٹرمپ ایران سے مرضی کے مطالبات نہیں منوا سکتا، خواجہ سعد رفیق
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے اور منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں اور زور دیا کہ منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے ہر مرحلے میں زائرین کی سہولت کو مرکزی حیثیت دی جائے تاکہ انہیں آسانی، آرام اور بہتر رسائی میسر آ سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس رفیق نور وٹو، ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور ایسٹ محمد اکرم، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو فہد نوید، منیجر بی بی پاکدامن گلزار احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔







